• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

لے آؤٹ: نوید رشید

احسن خان ایک وَر سٹائل اداکار ہی نہیں، عمدہ میزبان اور شان دار ماڈل بھی ہیں۔لندن، برطانیہ میں پیدا ہوئے۔ 2000ءمیں فلم’’نکاح‘‘سے ڈیبیو کیا،جب کہ اسی برس پی ٹی وی سے پہلا ڈراما،’’ہنس کی چال‘‘ نشر ہوا۔ اس کے بعد سے تاحال اداکاری، ماڈلنگ اور میزبانی کا سلسلہ جاری ہے۔ پچھلے کچھ برسوں سے رمضان ٹرانس میشنز بھی کررہے ہیں۔ 2020ء میں ان کی دو میوزک ویڈیوز ریلیز ہوئیں، جب کہ بہترین پرفارمینس پر متعدّد ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ احسن خان فلاحی امور میں بھی پیش پیش رہتے ہیں، اسی لیے نیشنل کمیشن آن دی رائٹس آف دی چائلڈ(National Commission On The Rights Of The Child) اور چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو(Child Protection and Welfare Bureau)نے اُنھیں اپنا سفیر بھی مقررکررکھاہے۔

احسن خان عام زندگی میں خاصے زندہ دِل، خوش ذوق و خوش لباس ہیں۔ملبوسات کے معاملے میں خاصے سلیکٹڈ ہیں اور حال ہی میں اپنا ایک برانڈ بھی متعارف کروایا ہے۔ اپنے برانڈ اور پسند و ناپسند سے متعلق بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’مَیں رمضان ٹرانس میشن میں جو ملبوسات استعمال کرتا، تو میرے مداح،فالورز اوردوست احباب اُنھیں بے حد سراہتے۔ مجھ سے اکثر پوچھا جاتا کہ یہ لباس کس برانڈ کا ہے، کہاں سے خریدا؟

تو مجھے خیال آیا کہ کیوں ناں مَیں بھی اپنا برانڈ متعارف کرواؤں۔ بس، اُسی روز سےاس خیال پر کام شروع کردیا اور آج الحمدللہ، مَیں احسن خان مارکہ (Ahsan khan Marca) کا اونر ہوں۔ فی الحال تو مَیں نے اپنے برانڈ کے ذریعے مَرد و خواتین اور بچّوں کے کیژول اور تقریباتی پیراہن ہی متعارف کروائے ہیں، لیکن مستقبل میں پرفیومز، جیولری اور دیگر ایکسیسریز پر بھی کام کا ارادہ ہے۔ میری کوشش ہے کہ اچھے فیبرک کے ساتھ ہر لباس کی قیمت مناسب ہو، تاکہ عام افراد بھی باآسانی خرید سکیں۔‘‘

احسن خان نے اپنے پسندیدہ رنگوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا،’’چوں کہ رنگ اس دُنیا کی خُوب صُورتی میں اضافہ کرتے ہیں، تو مجھے ہر طرح کے رنگ بھاتے ہیں، لیکن نیلا، سیاہ اور سفید میرے پسندیدہ رنگ ہیں۔ مَیں عموماً تقریبات کی مناسبت ہی سے لباس کا انتخاب کرتا ہوں، لیکن مجھے سادہ اور آرام دہ ملبوسات زیاہ اچھے لگتے ہیں۔ نیز، میرے نزدیک لباس کا قیمتی ہونا نہیں، شخصیت پر جچنا زیادہ ضروری ہے، جب کہ جوتوں میں مجھے اسٹائلش جوتے زیادہ پسند ہیں اور میرے پاس جوتوں کی ایک وسیع کلیکشن بھی ہے۔‘‘

زیرِ نظر شوٹ احسن خان کے اپنے برانڈ کے کچھ چنیدہ اور ان کے مَن پسند قمیص، شلوار کے ایک حسین انتخاب پر مشتمل ہے۔ خالص مردانہ رنگوں کے اس خُوب صُورت انتخاب میں سے آپ بھی کچھ منتخب کرنا چاہیں، تو ضرور کرسکتے ہیں۔