وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ آف شورکمپنیاں غیر قانونی نہیں ہیں، آف شورکمپنیوں کے لیے وسائل قانونی طریقے سے حاصل کیے جانے چاہئیں۔
اسلام آباد میں ایس ای سی پی کی تقریب سے خطاب میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ قوانین پر عملدرآمد سے ہی پائیدار ترقی ممکن ہے ، ایس ای سی پی کے قوانین سخت ہونے چاہئیں،ایس ای سی پی کی مدد سے کاروباری ادارے مضبوط ہوںگے کسی بھی کاروبار میں فراڈ کرنے والوں کے خلاف ادارہ ایکشن لے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ملکی معیشت میں مزید ترقی کی صلاحیت موجود ہے ،وقت کے ساتھ ساتھ بجٹ خسارے میں کمی لارہے ہیں، پاکستان کا بجٹ خسارہ 4عشاریہ 3فیصد تک لے آئے ہیں۔اسٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ سطح تک پہنچ گئے ہیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس انسانی وسائل کی کمی نہیں ہے، حکومت نے معاشی اداروں کی اصلاحات کے بل متعارف کرائے ہیں، کمپنیز بل 2016جلدقومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیراتی اداروں کا نقصان کم کرنے کے لیے ہرممکن تعاون کریںگے۔