لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز کی بریت کی درخواست پر ان کے وکیل کو مزید دلائل کے 15 فروری کو طلب کر لیا، جبکہ شہباز شریف کے خلاف آشیانہ ریفرنس میں نیب کے گواہ پر جرح مکمل کرنے کے لیے15فروری کی تاریخ مقرر کر دی۔
حمزہ شہباز کے وکیل نے بریت کی درخواست پر ابتدائی دلائل دئیے، ان کا مؤقف تھا کہ رمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز کے خلاف جرم ثابت ہونے کا کوئی امکان نہیں۔
وکیل کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز پر الزام ہے کہ گندا نالہ شوگر ملز کو فائدہ پہنچانے کے لیے بنایا گیا، نالہ بنانے کے لیے سارا پروسس مکمل کیا گیا لیکن کسی دوسرے شخص کو ملزم نامزد نہیں کیا گیا، یہ کیس مفروضوں پر مشتمل ہے۔
شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان کے خلاف آشیانہ ریفرنس میں عدالت نے نیب کے ایک گواہ سجاد خان پرجزوی جرح مکمل کر لی۔
عدالت نے نیب کےگواہ کو جرح مکمل کرنے کے لیے دوبارہ 15 فروری کو طلب کر لیا۔