• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ ٹریفک کے لیے بند کرنے پر سندھ ہائی کورٹ انتظامیہ پر برہم

کراچی کی مشہور برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ ٹریفک کے لیے بند کرنے پر سندھ ہائی کورٹ انتظامیہ پر برہم ہوگئی۔

برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ پر سڑکوں کی بندش کے خلاف درخواست کی سماعت پر درخواست گزاروں کے وکیل نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر نے از خود روڈ بند کردیا ہے۔ ڈی ایس پی ٹریفک کے مطابق شام کو سات بجے بیریئرز لگادیے جاتے ہیں۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ روڈ بند کرنے سے پہلے وہاں کے مکینوں کا موقف سنا گیا؟ وہاں تو تین بجے رات تک ہوٹل کھلے ہوں گے اہل علاقہ کیا کریں گے؟ ایسا تو فوجی حکومتیں بھی نہیں کرتیں۔ نوٹیفکیشن جاری کرنے سے پہلے مقامی لوگوں کو کیوں نہیں سنا گیا؟

انہوں نے پولیس افسر کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو کچھ نہیں پتا فائل لہراتے ہوئے آگئے۔ تنگ گلیاں ہیں وہاں سے چھوٹی گاڑیاں بھی نہیں گزر سکتیں اوپر سے آپ سڑکیں بند کررہے ہیں۔ حکومت سے پوچھ کر بتائیں سڑک بند کرنے سے پہلے مقامی لوگوں کو سنا گیا یا نہیں ؟اگر جواب نہیں آیا تو ڈپٹی کمشنر ساوتھ خود پیش ہوکر وضاحت کریں۔

عدالت نے درخواست کی مزید سماعت چار ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔

قومی خبریں سے مزید