• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم نے قوم کیساتھ آج ایک اور مذاق کیا، شیری رحمان


نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے وزیراعظم کی جانب سے وزراء کو تعریفی سرٹیفکیٹ دینے پر ردعمل میں کہا ہے کہ وزیراعظم نے آج قوم کے ساتھ ایک اور مذاق کیا ہے۔

سینیٹر شیری رحمان نے ’’بہترین کارکردگی‘‘ دکھانے والے وزراء کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیئے جانے پر کہاکہ حکومت کی تین سال کی کارکردگی بدانتظامی، کرپشن اور ناکامیوں سے بھری ہوئی ہے۔

شیری رحمان نے سوال اٹھایا کہ کون سی وزارت ہے جس کی وجہ سے ملک میں بحران پیدا نہیں ہوا؟ ہر وزارت میں بحرانی صورتحال ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معیشت، خوراک، پیٹرولیم، توانائی، خارجہ، داخلہ، صحت اور دیگر تمام وزارتوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔

پی پی سینیٹر نے کہاکہ وزیراعظم گالم گلوچ اور الزام تراشی کی بہترین کارکردگی پر وزراء کو ضرور تعریفی سرٹیفکیٹ دے سکتے ہیں۔

شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ وزراء اور حکومت کی کارکردگی پر اب عوام ووٹ کے ذریعے اپنی رائے دیں گے ۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے بہترین کارکردگی پر 10 وفاقی وزراء میں تعریفیں اسناد تقسیم کیں، جن وزراء کو شاندار کارکردگی پر سرٹیفکیٹ ملے ہیں ان کی وزارتوں کے ملازمین کو بھی اضافی الاؤنس دیا جائے گا۔

کارکردگی کی بنیاد پر وزارتِ مواصلات کا پہلا نمبر رہا، وفاقی مراد سعید تمام وزراء پر بازی لے گئے۔

وفاقی وزیر اسد عمر، ڈاکٹر ثانیہ نشتر، شیریں مزاری، خسرو بختیار، معید یوسف، عبدالرزاق داؤد، شیخ رشید، شفقت محمود اور فخر امام بھی وزیرِ اعظم عمران خان کی ٹیم کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید