نارتھ کراچی میں ایک کار پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کا سرگرم کارکن جاں بحق ہو گیا۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس معروف عثمان کے مطابق فائرنگ کا واقعہ نارتھ کراچی میں پیلا اسکول کے قریب پیش آیا۔
پولیس کے مطابق پیلا اسکول کے قریب ایک کار نمبر اے ٹی کے 173 پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار سلمان عرف کمانڈو جاں بحق ہو گیا جبکہ کار میں سوار خاتون بال بال بچ گئیں اور ایک بچہ پاؤں میں گولی لگنے سے زخمی ہوا۔
ایس ایس پی معروف عثمان نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ 3 ملزمان 2 موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، جن میں سے 1 ملزم نے اندھا دھند فائرنگ کی۔
پولیس کے مطابق جائے وقوع سے پستول کے 8 خول برآمد ہوئے ہیں، 36 سالہ مقتول سلمان گریڈ 16 میں پرائمری اسکول ٹیچر تھا۔
ذرائع کے مطابق مقتول پاک سر زمین پارٹی کے لیے علاقے میں کام کرتا تھا۔
ایس ایس پی معروف عثمان جائے وقوع پر پہنچ گئے جنہوں نے پولیس کی تفتیشی ٹیموں کی جانب سے شواہد جمع کرنے کے کام کا معائنہ کیا۔
پولیس کے مطابق عینی شاہدین کے بیانات لیے جا رہے ہیں جبکہ علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے بھی ملزمان کا سراغ لگانے کی کوشش کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق سلمان بیوی اور بچے کے ساتھ جا رہا تھا کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کا نشانہ بن گیا۔
پولیس کے مطابق زخمی ہونے والا بچہ صبور جاں بحق ہونے والے سلمان عرف کمانڈو کا بیٹا ہے، سلمان اپنے بیٹے کو اسکول سے لینے آیا تھا۔
ملزمان کی جانب سے کار پر کی فائرنگ کے نتیجے میں مقتول کے چہرے سر اور جسم کے دیگر حصوں پر گولیاں لگیں۔
مقتول سلمان کے بیٹے عبدالصبور کو 2 گولیاں لگیں، ایک گولی ٹانگ ایک بازو پر لگی، بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
فائرنگ سے مقتول کی اہلیہ محفوظ رہی، ملزمان نے سلمان کو باقاعدہ ٹارگٹ کر کے قتل کیا۔
واردات میں 9 ایم ایم پستول استعمال کیا گیا، پولیس کو جائے وقوع سے 9 ایم ایم کے 8 خول ملے۔