پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و ہدایتکار یاسر نواز نے کہا ہے کہ وہ بالی ووڈ اداکار عامر خان کی طرح بننا چاہتے ہیں۔
یاسر نواز نے بالی ووڈ اداکار عامر خان کے نام ایک خط لکھا جوکہ اُنہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری میں شیئر کیا۔
اداکار نے کہا کہ ’پیارے عامر! آپ نے ہمیشہ مجھے اپنے کام سے متاثر کیا، میں بھی آپ کی طرح بننا چاہتا ہوں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’میں بھی آپ کی طرح نام کمانا چاہتا ہوں، آپ اپنی جوانی سے لیکر اب تک ہمیشہ اچھے اچھے کام کرکے خبروں کی زینت بنے رہے ہیں۔‘
یاسر نواز نے کہا کہ ’آپ ہم جیسے فنکاروں کے لیے ایک جیتی جاگتی مثال ہیں۔‘
اداکار نے مزید کہا کہ ’آپ کی فلم ’قیامت‘ سے لیکر ’دنگل‘ تک کوئی ایسی فلم نہیں جو میں نے نہ دیکھی ہو۔‘
یاسر نواز نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں یہ نہیں واضح کیا کہ اُنہوں نے یوں اچانک عامر خان کو خط کیوں لکھا۔