پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و ہدایتکار یاسر نواز نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اداکارہ علیزے شاہ کے ساتھ کام کرکے پریشان ہوگئے اور پچھتانے لگے تھے۔
حال ہی میں ندا یاسر اور اُن کے شوہر یاسر نواز نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں میزبان نے ندا سے سوال کیا کہ ’یاسر کو کس اداکارہ کے ساتھ کام کرنے میں مشکل ہوئی؟‘
میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ندا نے کہا کہ ’بطورِ اداکار یاسر کو علیزے شاہ کے ساتھ کام کرنے میں بہت مشکل ہوئی تھی کیونکہ اُن کے ساتھ یاسر کی کیمسٹری نہیں بن پارہی تھی۔‘
ندا یاسر نے مزید کہا کہ ’بطورِ ہدایت کار یاسر کو کبھی کسی اداکار کے ساتھ کام کرنے میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔‘
دوسری جانب یاسر نواز نے اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں واقعی علیزے شاہ کے ساتھ کام کرکے پریشان ہوگیا تھا اور میں پچھتانے لگا تھا کہ آخر میں نے اس اداکارہ کے ساتھ کام کیوں کیا۔‘
یاسر نواز نے کہا کہ ’جب ہم کسی فلم یا ڈرامے کے لیے کوئی کردار نبھا رہے ہوتے ہیں تو ہمیں اپنی نجی زندگی کو پیچھے چھوڑ دینا چاہیے اور میں اسی وجہ سے علیزے شاہ کے ساتھ کام کرنے پر خاصا پریشان تھا۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے ڈرامے کی اقساط بڑھانے کا مشورہ دیا گیا تھا لیکن میں نے ہاتھ جوڑ کر کہا اگر اقساط کم کرنی ہیں تو بتاؤ، اس میں اضافہ نہیں ہوگا۔‘
واضح رہے کہ علیزے شاہ نے ڈرامہ سیریل ’میرا دل میرا دشمن‘ میں اداکار یاسر نواز کے ساتھ کام کیا تھا جو کہ ایک نجی ٹی وی چینل پر نشر کیا گیا تھا۔