• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاڑکانہ جیل میں احتجاج کی وجہ محمد علی کھوکھر کی منتقلی یا کچھ اور؟

صوبہ سندھ کی لاڑکانہ جیل میں یرغمال بنائے گئے تمام اہلکاروں کو بازیاب کروالیا گیا ہے، قیدیوں کا احتجاج محمد علی کھوکھر کی منتقلی کے لیے تھا یا پھر سہولتیں واپس لینا؟

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ قیدیوں کا جتھا غیرقانونی سہولیات واپس لیے جانے پر برہم ہے، محمد علی کھوکھر کی واپسی کا مطالبہ احتجاج کا بہانہ ہے۔

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل میں امن وامان کی صورتحال خراب کرنے والے قیدیوں کو جنوری میں دیگر جیلوں میں منتقل کیا گیا تھا، منتقل کیے جانے والے قیدیوں میں با اثر قیدی محمد علی کھوکھر بھی شامل تھا۔

 جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ قتل کے الزام میں گرفتار قیدی کی واپسی کو احتجاج کا جواز بنایا گیا۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد علی کھوکھر کو نقص امن کے خدشات کے پیش نظر جیکب آباد جیل منتقل کیا گیا ہے۔

قیدی محمد علی 2012 میں نوڈیرو تھانے کی حدود میں قتل کے مقدمے میں نامزد ہے، اس کےخلاف انسداد دہشتگردی عدالت میں مقدمہ زیر سماعت ہے اور آئندہ سماعت 19 فروری کو ہوگی۔

واضح رہے کہ  لاڑکانہ سینٹرل جیل میں قیدیوں نے یرغمال بنائے گئے تمام 7 پولیس اہلکاروں کو رہا کردیا۔

واقعہ لاڑکانہ سینٹرل جیل میں 5 دن قبل پیش آیا تھا جب قیدی محمد علی کھوکھر کی لاڑکانہ جیل سے شکارپور منتقلی پر احتجاج کرتے ہوئے قیدیوں نے7 پولیس اہلکاروں کو اپنی بیرکوں میں بند کردیا تھا۔

جیل انتظامیہ نےقیدیوں سے مذاکرات کیے، جس کے بعد پہلے 5 اہلکاروں کو قیدیوں نے چھوڑا اور اب مزید دو اہلکاروں کو چھوڑ دیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید