وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 50 دن کے بعد اور مضبوط ہوجائیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ میری وزارت کی کارکردگی اچھی رہی، جس پر خوش ہوں۔
انہوں نے عمران خان کی حکومت میں وزارت داخلہ کے 9 ویں نمبر پر آنے پر بھی تبصرہ کیا اور کہا کہ 9 شاید میرا لکی نمبر ہے اور مجھے اچھا بھی لگتا ہے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اپوزیشن میں ہمت ہے تو عدم اعتماد لائے، کوئی اتحادی عمران خان کو نہیں چھوڑے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن قیادت ان لوگوں کے پاس گئی ہے، جن کے لیے کہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ کی پارٹیاں ہیں۔
شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ مہنگائی اور معیشت ہمارے ایشوز ہیں، ان کو حل کرنا ہے، انشااللہ عمران خان اس بحران سے باہر نکل آئے گا اور 50 دن کے بعد اور مضبوط ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کس حالت میں پاکستان آئیں گے، اللہ کو پتا ہے، عمران خان نے 126 دن کا دھرنا دیا، بہت مشکل تھا، میں اندر سے ہمت ہار چکا تھا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ایم کیو ایم کے دفتر بند ہیں، ان کے چھوٹے چھوٹے مطالبات ہیں پورے کرنے چاہئیں، جہاں سے بھی ایم کیو ایم کے دفتر کھلنے کا فیصلہ ہونا ہے ہوجانا چاہیے۔