• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین HEC کی بحالی کیخلاف وفاق کی اپیل سماعت کیلئے منظور

چیئرمین HEC کی بحالی کیخلاف وفاق کی اپیل سماعت کیلئے منظور
چیئرمین HEC کی بحالی کیخلاف وفاق کی اپیل سماعت کیلئے منظور

سپریم کورٹ نے چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری کی بحالی کے خلاف وفاق کی اپیل ابتدائی سماعت کیلئے منظور کر لی۔

جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی اور ریمارکس دیئے کہ چیئرمین ایچ ای سی کی سربراہی میں کمیشن جو بھی تعیناتیاں کر رہا ہے وہ اس کیس سے مشروط ہوں گی۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین ایچ ای سی کی بحالی کا مختصر فیصلہ جاری کیا ہے،ہائیکورٹ کے تفصیلی فیصلے کے بعد کیس کی سماعت کریں گے۔

کیس کی سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل عامر رحمٰن نے کہا کہ چیئرمین ایچ ای سی کو پابند کیا جائے کہ روزانہ کے معاملات پر کام کریں، چیئرمین ایچ ای سی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی تعینات نہیں کر سکتے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکہ ایچ ای سی کے قوانین اب بدل چکے ہیں، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ چیئرمین ایچ ای سی کو پالیسی معاملات پر فیصلوں سے روکا جائے۔

جسٹس منیب اخترنے استفسار کیا کہ چیئرمن ایچ ای سی کے پاس کسی کی تعیناتی کے اختیار کیوں نہیں ہیں؟

ایک طرف آپ کہہ رہے ہیں قانون میں ترمیم کر دی اور پھر کہہ رہے ہیں چیئرمین کو اختیارات کے استعمال سے بھی روکیں۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ چیئرمین ایچ ای سی صرف ایکسپرٹ تعینات کر سکتے ہیں، چیئرمین ایچ ای سی ریکٹر اور کمیٹی ممبران کی تعیناتی کرکے اختیارات سے تجاوز کر رہے ہیں۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ چیئرمین ایچ ای سی کے موجودہ کیس کے فیصلے پر تعیناتیوں کا معاملہ طے ہو گا۔

عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی ۔

قومی خبریں سے مزید