• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم سندھ میں بین الاقوامی اداروں کی طرح ادارے چلارہے ہیں، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  ہم سندھ میں بین الاقوامی اداروں کی طرح ادارے چلارہے ہیں، یہاں انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت اور انرجی کے شعبہ میں کام ہوا ہے۔

کراچی کے جناح اسپتال میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاستدان آکر بڑے بڑے دعوے تو کرتے ہیں، دی اکانومسٹ کے مطابق ایشیا میں پبلک پرائیویٹ کا بہترین ماڈل کراچی میں ہے، کراچی اور پاکستان کے لئے صحت کی اچھی سہولتیں فراہم کرتے ہیں۔

 بلاول بھٹو نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کی طرح ادارے چلا رہے ہیں، صحت کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی بہترین مثال ہے، شہید محترمہ کی خواہش کے مطابق کام کررہے ہیں، مفت علاج اور کھانے تک کا خیال رکھ رہے ہیں۔

 پی پی چیئرمین نے کہا کہ یہاں پر ہر پاکستانی کو سہولت مل رہی ہے، ہم یہ نہیں پوچھتے کہ آپ کہاں سے آئے ہو اور کون ہو؟ جو کام پیشنٹ ایڈ فاؤنڈیشن کررہا ہے وہ کوئی نہیں کررہا، ایس آئی یو ٹی میں بہترین کام ہورہا ہے، یہ کام آپ کے سامنے ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت نے ایس آئی یو ٹی کے ساتھ کام کرکے کراچی اور دیگر علاقوں میں بھی کام کیا، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا خیال بینظیر بھٹو نے پیش کیا تھا، ہیلتھ سیکٹر میں ترقی کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر بہتر کام کرسکتے ہیں، سندھ حکومت نے یہ ثابت کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم اور ہیلتھ، انرجی سیکٹر تھرکول میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ میں کام ہوا، نا صرف مفت علاج کیا جا رہاہے بلکہ کھانے کا خیال رکھا جارہا ہے، ہر پاکستانی کو مفت علاج کی سہولت دی جارہی ہے، بلا رنگ و نسل ہر شخص کو علاج کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔

 بلاول بھٹو نے کہا کہ آخری بار جب جناح اسپتال آیا تھا تو ایک سائبر نائف تھا، اب دو سائبر نائف ہیں، دنیا کا واحد ادارہ ہے جہاں مفت علاج ہورہا ہے، گورننس کے ہر جگہ ایشو ہوتے ہیں، جدوجہد کرنا پڑتی ہے، سندھ میں صحت کے نظام میں انقلاب شروع ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں سے درخواست ہے پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں، شہریوں کے دروازے تک مفت علاج فراہم کرنا چاہتے ہیں، ادیب صاحب اور ایس آئی یو ٹی کا کام آپ کے سامنے ہے، کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر علاقوں میں سینٹرز بننے جارہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ  این آئی سی وی ڈی سندھ کی مثال اور پہچان ہے، تمام اضلاع میں اب دل کے امراض کا مفت علاج فراہم کررہے ہیں، بچوں کا مفت اور معیاری علاج فراہم کررہے ہیں۔

 پی پی چیئرمین نے کہا کہ لوگ ہم پر تنقید کرتے ہیں، کہتے ہیں پیپلز پارٹی کراچی میں سرمایہ نہیں لگاتی، سارے سوالات کا جواب یہ جناح اسپتال ہے۔

قومی خبریں سے مزید