پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی نے حلقے کے عوام کیلئے ٹرانسفارمر دینے کا اعلان کیا تو ویڈیو وائرل ہوگئی۔
این اے 7 لوئر دیر کے محمد بشیر خان نےاپنے حلقے کے عوام سے کہا کہ ٹرانسفارمر چاہیے تو آنے والے بلدیاتی الیکشن میں ووٹ پی ٹی آئی کے امیدوار کو دیں۔
انہوں نے یہ اعلان ضلع لوئر دیر میں جلسے سے خطاب میں کیا، جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی، ویڈیو میں محمد بشیر نے کہا کہ آپ لوگوں نے پہلے کہا ہوتا تو اب تک ٹرانسفارمرز آجاتے۔
پی ٹی آئی ایم این اے نے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ اگلے ہفتے 50 ٹرانسفارمرز آپ کو مل جائیں گے، اگر 100 ٹرانسفارمرز اکٹھے چاہئیں تو تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ آپ کو ٹرانسفارمرز اس لئے دے رہے ہیں کہ آپ ووٹ دیں گے، امیدوار کامیاب کریں گے،آپ لوگ خود امیدوار کھڑے کریں گے لیکن انہیں کامیاب بھی بنانا ہوگا۔
محمد بشیر خان نے مزید کہا کہ ہم آپ کو ٹرانسفارمرز بھی دیں گے اور منت سماجت بھی کریں گے، بیٹ کا نشان یاد رکھیں، آپ کے چھوٹے موٹے کام یہی کونسلرز کریں گے۔
جیو نیوز سے گفتگو محمد بشیر نے یہ بھی کہا کہ وہ الیکشن کمیشن کی ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کریں گے، جلسہ 4 دن پہلے کیا ہے پتا نہیں تھا کہ عدالت الیکشن کرانے کا حکم دے دے گی۔