تحریک انصاف ترین گروپ کے سربراہ جہانگیر ترین نے حالیہ سیاسی صورتحال میں متحرک کردار ادا کرنے کا اعلان کردیا۔
جہانگیر ترین گروپ کی عون چوہدری کی رہائش گاہ پر مشاورتی بیٹھک ہوئی، جس میں سیاسی حالات اور اپوزیشن کے عدم اعتماد کی تحریک کے اعلان پر مشاورت ہوئی۔
ترین گروپ کے مشاورتی اجلاس میں6 ایم این اے اور 20 ارکان پنجاب اسمبلی نے شرکت کی، غیر حاضر رہنماؤں سے ٹیلی فون پر مشاورت کی گئی
لاہور میں ترین گروپ کے سیاسی عشائیے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں جہانگیر ترین نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد ابھی نہیں آئی اور معلوم نہیں آئے گی بھی یا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ طویل عرصے بعد تمام دوست اکٹھے ہوئے ہیں، اُن سے رائے لینی تھی کہ آئندہ گروپ کیسے چلے، سیاسی حالات میں اپنے کردار کو دیکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ رابطے ابھی بھی ہیں اور آئندہ بھی رکھیں گے، سیاسی لوگ ہر ایک سے رابطے کرتے ہیں، خان صاحب سے گزارش ہے عوام کو ریلیف ملنا چاہے۔
پی ٹی آئی ترین گروپ کے سربراہ نے مزید کہا کہ ملک کے حالات سیاسی طور پر گرم ہیں، موجودہ نازک صورتحال میں سب کا مل کر بیٹھنا ضروری تھا، سیاسی مشاورت وقت کی ضرورت ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عوام کا مہنگائی کے طوفان کے سامنے گزارا کرنا مشکل ہے، ہم نے ملکی حالات اور مہنگائی کی صورتحال پر غور کیا۔
جہانگیر ترین نے یہ بھی کہا کہ ہم نے سوچا ہے موجودہ صورتحال پر مشاورت جاری رکھیں گے، تحریک عدم اعتماد سے متعلق کوئی بات نہیں کی، یہ بات قبل از وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد آئےگ ی تو بیٹھ کر مشاورت کریں گے، تحریک عدم اعتماد ابھی آئی نہیں، آئے گی بھی یا نہیں، نہیں معلوم ہے۔
ترین گروپ کے سربراہ نے کہا کہ خان صاحب سےگزارش ہے معیشت پر فوکس ہونا چاہے، عوام کو ریلیف ملنا چاہے۔