سابق صدر آصف علی زرداری نے صحافی محسن بیگ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محسن بیگ کو جس انداز میں گرفتار کیا گیا قانون سے ماورا ہے۔
ایک بیان میں آصف علی زرداری نے کہا کہ اختلاف رائے رکھنے والوں پر حکومتی طاقت کا استعمال آمرانہ ذہنیت کا عکاس ہے، کسی میں تنقید سننے کا حوصلہ نہیں ہے تو سیاست کرنا چھوڑ دے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور صحافی محسن بیگ کو رہا کرے۔
خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صحافی محسن بیگ کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے گرفتار کر لیا ہے، اس موقع پر ہونے والی فائرنگ سے ایف آئی اے کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا تھا۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم محسن بیگ کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پہنچی تو گرفتاری کے دوران مزاحمت ہوئی اور ملزم نے فائرنگ کر دی جس سے ایف آئی اے کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔