• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکومت میں پاکستان جمہوریت سے دور اور آمریت کی طرف بڑھ رہا ہے ، قانون کے بغیر جمہوریت ممکن نہیں، میرے والد اور والدہ پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے، ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل اسی لاہور ہائیکورٹ میں ہوا۔

لاہور ہائیکورٹ بار سے خطاب میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لوگوں کا فیصلہ واضح ہے، عمران خان کی حکومت میں پاکستان جمہوریت سے دور اور آمریت کی طرف بڑھ رہا ہے ، پارلیمنٹ بدترین دور سے گزر رہی ہے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ ہم جمہوریت اور آئین کے تحفظ کیلئے مارچ کر رہے ہیں،ہم جمہوریت پسند لوگ ہیں، ہم پارلیمنٹ پر حملے پر یقین نہیں رکھتے،ہم اس سسٹم کے خلاف لڑ رہے ہیں،ملک میں قانون کی بالادستی ضروری ہے،بار نے ہمیشہ جمہوری قوتوں کا ساتھ دیا ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ عدم اعتماد کی تحریک لانے کیلئے ہر رکن پارلیمنٹ کو ساتھ دینے کی مہم چلائیں گے، اس منافق حکومت کو جمہوری طور پر چیلنج کریں گے،عوام کو دکھائیں گے کہ معاشی بحران ہے، انسانی حقوق پر حملے ہو رہے ہیں۔

بلاول نے کہا کہ عوام کو دکھائیں گےکہ جمہوریت کا جنازہ نکالا گیا تو کون سیلیکٹڈ کے ساتھ ہے اور کون پارلیمنٹ کے ساتھ ہے ،اللّٰہ نے چاہا تو ہم کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک قانون دان قائد محمد علی جناح نے بنایا تھا،قانون ریاست اور لوگوں کے درمیان پل ہوتا ہے، ملک میں قانون کی بالا دستی لازمی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو آئین اورجمہوریت دی، وہ آج بھی لوگوں کے دل میں زندہ ہیں ، میرے والد نے زندگی جیل میں گزاری، 30 سال تک احتساب اور کیسز کا سامنا کیا،عدالتوں نے میرے والد اور والدہ کو باعزت بری کیا،تاریخ نے اپنا فیصلہ سنایا اور بے نظیر بھٹو بے قصور ٹھہریں۔

پی پی چیئرمین کاکہنا تھا کہ عوام کوانصاف کیسے مل سکتا ہے جب قائد عوام کا قتل ابھی بھی انصاف کا متقاضی ہے،میں وکلاء کا شکر گزار ہوں جنہوں نے کبھی اس فیصلے کو تسلیم نہیں کیا،آزاد عدلیہ تاریخی غلطیوں کو درست کرتی ہے۔

قومی خبریں سے مزید