• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز نے خاتونِ اوّل کے خلاف غلیظ مہم کی حمایت کی، فرخ حبیب

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیر مملکت فرخ حبیب نے مریم نواز کی تنقید پر ردّ عمل دیتے ہوئے کہا کہ خاتونِ اوّل کے خلاف مہم چلانے والوں کی حمایت کر کے ثابت کررہی ہیں کہ اس غلیظ مہم کے پیچھے وہ خود ہیں۔

ایک بیان میں فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ مریم نواز بتائیں بے نظیر شہید کی کردار کشی کس نے کی، ن لیگ جعل سازی اور فراڈ میں نمبر ون رہی ہے، یہ کبھی آڈیو، ویڈیو اور کبھی بریف کیس کا سہارا لیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز نے کہا تھا کہ لندن تو کیا پاکستان میں بھی پراپرٹی نہیں، ان کے بھائی نے کہا الحمدللّٰہ لندن میں 4 فلیٹ ان کی پراپرٹی ہے۔

فرخ حبیب کا یہ بھی کہنا تھا کہ پنجاب کامیاب جوان پروگرام میں نوجوانوں کو بلاسود قرض دیں گے، عمران خان نے اقتدار میں آکر فیکٹریاں نہیں لگائیں اور نہ ہی ان کے بچے باہر کاروبار کررہے ہیں، وزیراعظم ہاؤس کے بجٹ میں ایک ارب سے زائد رقم کم خرچ کی۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں مہنگائی پر تنقید ہورہی ہے، کیا اس کا ذمہ دار بائیڈن ہے، کھانے پکانے کا تیل چار سو سے 13 سو ڈالر پر پہنچ گیا ہے، اگر 17 فیصد ٹیکس پیٹرول پر لگادیں تو قیمتیں مزید بڑھ جائیں گی، مہنگائی کے چیلنج سے نمٹیں گے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا تھا کہ خاتونِ اوّل قابلِ احترام ہیں، جو احترام خاتونِ اوّل کا ہے وہی کلثوم نواز کا بھی ہونا چاہیے تھا، جو اسٹینڈرڈ آپ اپنی اہلیہ کے لیے چاہتے ہیں وہی اسٹینڈرڈ محترمہ کلثوم نواز کے لیے ہونا چاہیے تھا، آپ کے لوگ اسپتال میں گھس گئے تھے، جب میں والدہ کی عیادت کے لیے لندن میں گھر سے اسپتال جا رہی ہوتی تھی تو پی ٹی آئی ورکرز کھڑے ہوتے تھے، پی ٹی آئی کے وہ ورکرز مجھے گالیاں دیتے تھے، پی ٹی آئی کے لوگوں نے میری والدہ، مجھ پر اور میرے بچوں پر حملہ کیا۔

ان یہ بھی کا کہنا تھا کہ کون سے مخالف کی بہو، بیٹی، بہن ماں آپ کے انتقام سے بچی ہے، مجھے بے گناہ ہوتے ہوئے آپ نے ڈیتھ سیل میں ڈالا، میں جب گلگت بلتستان میں مہم چلا رہی تھی تو آپ کے وزراء نے اخلاق سے گری ہوئی تقریریں کیں، وہ تقریریں جب جب سنی جائیں گی تو ہر عزت دار کا سر شرم سے جھک جائے گا، اس وقت تو خان صاحب ان وزراء کو شاباش دیا کرتے تھے، جو آپ نے کیا وہ آپ کے ساتھ ہوگا، اگر غلط کام کیا ہے تو تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ رکھیں، آپ کے مخالفین نے آپ کے لغو اور جھوٹے الزامات پر تنقید بلکہ ظلم برداشت کیا۔

قومی خبریں سے مزید