پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی نے لاہور میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی۔
ملاقات میں کرپشن کے خاتمہ کیلئے پاناما لیکس کے سلسلے میں بنائے جانے والے ٹی او آرز پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
منصورہ میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق سمیت دیگر قائدین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےچوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ بنگلا دیش میں مطیع الرحمان کی پھانسی پر دفتر خارجہ اور حکومتی رویے پر افسوس ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن اور ٹی او آرز سے متعلق حکومت نے غیر سنجیدہ رویہ اپنا رکھا ہے کرپشن کے خلاف قانون سازی کی جائے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہناتھا کہ پاکستان معاشی طور پر کمزور ہورہا ہے، عوام محرومیوں کا شکار ہیں، کسان دھرنے دینے پر مجبور ہیں، ہمارے حکمرانوں اور بڑے لوگوں کا پیسہ ملک سے باہر ہے، حکومت شورشرابے میں معاملے کو دبانے کی کوشش نہ کرے۔
اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ٹی او آر کمیٹی کا اجلاس کل متوقع ہے کمیٹی کے اجلاس کے بعد حکومت کی نیت کا پتہ چل جائے گا۔