پاکستان تحریک انصاف کے رہنما، رکنِ قومی اسمبلی، ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا ہے کہ اُن کے قائد بانی متحدہ الطاف حسین ہی ہیں۔
ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اپنی تیسری اہلیہ سیدہ دانیہ شاہ کے ہمراہ ایک نجی انسٹیٹیوٹ کی تقریب میں شرکت کی جہاں اُنہیں انتظامیہ کی جانب سے شیلڈ اور میڈل سے نوازا گیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ میں دل سے ابھی بھی ایم کیو ایم کے ساتھ ہوں اور میرے قائد الطاف حسین ہی ہیں۔
ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی چاہے تو ایم کیو ایم کے ساتھ متحد ہوسکتی ہے کیونکہ آنے والے وقت میں کراچی سے ایم کیو ایم کے وفا پرست رہنما سامنے آئیں گے اور اُس وقت پی ٹی آئی نہیں ہوگی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ کراچی سے تو ایم کیو ایم نے ہی آگے آنا ہے اور یہ دل بھی ایم کیو ایم اور بانی متحدہ کے لیے ہی دھڑکتا ہے۔
خیال رہے کہ عامر لیاقت نے لودھراں سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ سیدہ دانیہ شاہ سے تیسری شادی کی ہے۔
ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اپنی تیسری شادی کا اعلان ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کیا۔
49 سالہ عامر لیاقت نے بتایا کہ دانیہ شاہ کا تعلق ایک شریف گھرانے سے ہے اور وہ سرائیکی ہیں۔