• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عامر لیاقت نے چھوٹی عمر کی لڑکی سے شادی کرنے کی وجہ بتادی

حال ہی میں تیسری شادی کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما، رکنِ قومی اسمبلی، ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے چھوٹی عُمر کی لڑکی سے شادی کرنے کی وجہ بتادی۔

تیسری بار رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کے بعد، ان دنوں عامر لیاقت خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں اور مختلف ٹی وی چینلز کو انٹرویو دیتے نظر آرہے ہیں۔

اب سوشل میڈیا پر عامر لیاقت حسین کے انٹرویو کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے جوکہ اُنہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل کو دیا۔

انٹرویو کے دوران ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ اگر چھوٹی عُمر کی لڑکی سے شادی ہو تو وہ زیادہ اچھی ثابت ہوتی ہے کیونکہ آپ اُس کا خیال رکھتے ہیں۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ وہ اپنا گھر چھوڑ کر آپ کے پاس آتی ہے تو اُس خاتون کے ساتھ کئی رشتے منسلک ہوتے ہیں جس میں ماں، باپ، بھائی، بہن کا رشتہ سب سے اہم ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ آپ کا فرض ہے کہ آپ کبھی اُس کی ماں کی طرح اُس کا خیال رکھیں تو کبھی باپ اور بھائی کی طرح حفاظت کریں، اور بہن کی طرح اُس کے ہمدرد بنیں۔

عامر لیاقت حسین نے مزید کہا کہ میری اہلیہ کی عُمر کافی کم ہے تو میں اُن کا خیال بھی رکھتا ہوں اور اُنہیں بہت کچھ سکھاتا بھی ہوں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ اگر آپ کی شادی آپ کی عُمر کی لڑکی سے ہوگی تو وہ کبھی کچھ نہیں سیکھے گی۔

خیال رہے کہ عامر لیاقت نے لودھراں سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ سیدہ دانیہ شاہ سے تیسری شادی کی ہے۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اپنی تیسری شادی کا اعلان ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کیا۔

49 سالہ عامر لیاقت نے بتایا کہ دانیہ شاہ کا تعلق ایک شریف گھرانے سے ہے اور وہ سرائیکی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید