سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ہمارے ملک میں کرسی نہ چھوڑنے کی عادت ہے، چیئرمین نیب آخری وقت تک نوکری نہیں چھوڑیں گے، اب عمران خان کو گھبرانے کی ضرورت ہے۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ اس حکومت کے غیرقانونی مشیر احتساب بھی ذرا اپنے اثاثوں کی تفصیل دے کر جائیں، چیئرمین نیب بھی اپنے اثاثے ظاہر کریں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم نے اپنا جواب دیا ہے، آپ اپنا جواب دے سکتے ہیں، یہ تیسرا سال عدالتوں میں چل رہا ہے پراسیکیوٹرکو نہیں پتہ کہ کیس کیا ہے، ان عدالتوں میں کیمرے لگائیں اور عوام کو دکھائیں۔
لیگی رہنما نے کہاکہ انسان کو نوکری ختم ہوتے ہی گھر جانا چاہئے، اسی میں عزت ہوتی ہے، ڈی جی ایف آئی اے اور آئی جیز حکومت کے غیر آئینی اقدامات میں شریک نہ ہوں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اس حکومت نے جمہوریت کو تباہ کیا، پارلیمان کو ختم کر دیا، ملک میں مہنگائی میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ حکومتی وزراء صرف الزام تراشی کرتے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، اس حکومت کے کرپشن کے کیسزکی انتہا نہیں، ایک دن حساب دینا پڑے گا۔
شاہد خاقان نے کہاکہ صدر ایک آئینی عہدہ ہے، کوئی بھی آرڈیننس آتا ہے اور دستخط کردیئے جاتے ہیں،آرڈیننس سے عوام کی آواز دبائی جارہی ہیں، محسن بیگ کا معاملہ سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہاکہ عدم اعتماد پر مشاورت ہورہی ہے، اب عمران خان کو گھبرانے کی ضرورت ہے۔