• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بگ باس کنٹسٹنٹ کا ثناء خان سے متاثر ہوکر شوبز چھوڑنے کا اعلان

ماہ جبین صدیقی، انسٹاگرام
ماہ جبین صدیقی، انسٹاگرام

بھارتی رئیلٹی شو ’بگ باس‘ 11 کی کنٹسٹنٹ ماہ جبین صدیقی نے سابقہ اداکارہ ثناء خان سے متاثر ہو کر شوبز کی دنیا کو خیرباد کہہ دیا۔

انہوں نے انسٹاگرام پر ایک طویل پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ ’میں یہ اس لیے لکھ رہی ہوں کہ میں دو سال سے بہت پریشان تھی، مجھے کچھ سمجھ نہیں آرہا تھا کہ ایسا کیا کروں جس سے مجھے سکون ملے۔‘

سابقہ اداکارہ نے کہا کہ انسان جب گناہ کرتا ہے تو اس گناہ کی لذت تو تھوڑی دیر میں ختم ہوجاتی ہے لیکن اس کا گناہ قیامت تک رہتا ہے، میں نے محسوس کیا کہ میں اپنی اصل زندگی کو بھول کر دنیا کی دکھاوے والی زندگی جی رہی تھی۔

ماہ جبین کا کہنا تھا کہ اللہ کی نافرمانی کر کے انسان کو کبھی سکون نہیں مل سکتا، آپ چاہے لوگوں کو خوش کرنے کے لیے کتنا بھی اچھا کرلو، اور چاہے کتنا بھی وقت دے دو، لوگ آپ کی کبھی قدر نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے بہتر ہے کہ آپ اپنا وقت اللہ کو خوش اور راضی کرنے میں لگائیں، جس سے میری اور آپ کی آخرت بہتر ہوجائے۔

اپنے پیغام کے آخر میں ماہ جبین نے کہا کہ میں ثنا خان کو پچھلے ایک سال سے فالو کررہی تھی، مجھے ان کی باتیں بہت اچھی لگتی تھیں، انہیں دیکھ کر میرے اندر بیان سُننے کا شوق جاگا۔

ماہ جبین کا کہنا تھا کہ مجھے اللہ سے توبہ کر کے جو سکون ملا وہ میں لفظوں میں بیان نہیں کرسکتی، جو سکون میں ڈھونڈ رہی تھی وہ مجھے نماز یعنی اللہ کی عبادت کر کے ملا۔

انہوں نے کہا کہ اب میں نے یہ نیت کرلی ہے کہ میں ہمیشہ حجاب میں رہوں گی۔

ثنا خان نے ماہ جبین کی پوسٹ پر کمنٹ میں کہا کہ ’ماشاءاللہ اللہ آپ کو ہمت عطا فرمائے، استقامت نصیب فرمائے، اور ساری دنیا کے انسانوں کے لیے آپ کو خیر و سکون کا ذریعہ بنائے۔‘


انٹرٹینمنٹ سے مزید