• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کبھی بھی بچہ پیدا کرنے کے حق میں نہیں تھی، مرینہ خان


پاکستانی معروف، ہردلعزیز سینئر اداکارہ و فلمساز مرینہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ماضی میں کبھی بھی بچہ پیدا کرنے کے حق میں نہیں رہی ہیں۔

یاد رہے کہ منجھی ہوئی فلمساز و اداکارہ مرینہ خان معروف پروڈیوسر جلیل اختر کی اہلیہ ہیں۔

صلاحیتوں بھری یہ فنکار جوڑی طویل عرصے سے شادی کے بندھن میں بندھی ہوئی ہے، مرینہ اور جلیل اختر کی کوئی اولاد نہیں ہے۔

حال ہی میں اداکارہ نے ایک پوڈ کاسٹ میں انٹرویو دیا جہاں انہوں نے اولاد نہ ہونے جیسے حساس موضوع پر کھل کر بات کی ہے۔

مرینہ خان نے پوڈکاسٹ کے دوران ایک سوال کے جواب میں انکشاف کیا کہ انہوں نے اور ان کے شوہر نے کبھی بچہ پیدا نہ کرنے کا فیصلہ نہیں کیا تھا مگر جب وہ اپنے شوہر کے ساتھ اُن کے بھتیجے اور بھانجیوں سے ملنے جاتے اور ان کے ساتھ کھیلتے تھے تو دونوں گھر واپس آکر کہتے تھے ناں بھئی، یہ بہت مشکل ہے، ہمیں بچے نہیں چاہئیں۔

مرینہ خان نے بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ اُس وقت وہ اپنے کیرئیر کا آغاز کر رہی تھیں اس لیے بھی اُنہیں بچے پالنا بہت مشکل لگتا تھا۔

سینئر اداکارہ نے خود سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی بچہ پیدا کرنے کے حق میں تھی ہی نہیں، وہ بچہ گود لینے کو ترجیح دیتی تھیں۔

مرینہ خان نے انٹرویو کے دوران کہا کہ وہ بچے نہ ہونے کے سبب جہاں چاہے مرضی اپنے شوہر کے ساتھ آ جا سکتی ہیں، اُنہوں نے بچے ہو جانے کے بعد بہت سی خواتین کو کریئر پر سمجھوتہ کرتے ہوئے دیکھا ہے۔

ماضی کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’تنہائیاں‘ اور ’دھوپ کنارے‘ جیسے ڈراموں کی اداکارہ مرینہ خان کا پوڈ کاسٹ کے دوران مزید کہنا تھا کہ اُن کے اور شوہر خلیل اختر کے درمیان کبھی کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہوا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید