• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حمزہ عباسی کی شوبز سے کنارہ کشی کے حوالے سے وضاحت

پاکستان شوبز انڈسٹری سے عارضی کنارہ کشی کا اعلان کرنے والے اداکار حمزہ علی عباسی نے اپنے شوبز چھوڑنے یا نہ چھوڑنے کے موقف کو واضح کردیا ہے۔


اداکار نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جس میں انہوں نے کہا کہ ’وہ لوگ جو یہ کہہ رہے ہیں کہ میں نے شوبز سے توبہ کرلی تھی، مجھے حیرت ہے کہ میری ویڈیو اب بھی میرے یوٹیوب چینل اور انٹرنیٹ پر موجود ہے لیکن کسی نے بھی اس ویڈیو کو جو صرف 17 منٹ کی ہے دیکھنے کی زحمت نہیں کی۔‘

دوران انٹرویو انہوں نے کہا کہ ’میں نے اس وقت یہ لفظ دانستہ (جان بوجھ کر) طور پر استعمال کیے تھے کہ میں شوبز چھوڑرہا ہوں لیکن اس لیے نہیں چھوڑ رہا کہ میرے خیال میں اسلام میں یہ حرام ہے۔‘

انہوں نے کہا واضح کیا کہ ’میں نے اپنی ویڈیو میں واضح طور پر یہ الفاظ کہے تھے کہ اگر فن کی ہر وہ شکل آرٹ میڈیا اللہ کے متعین کردہ حدود میں رہ کر استعمال کیا جائے تو نہ صرف وہ حلال ہے بلکہ اس وقت کی شدید ضرورت بھی ہے۔‘

حمزہ علی عباسی کے مطابق ’شوبز سے کنارہ کشی سے متعلق ویڈیو میں، میں نے کہا کہ میں اس لیے کنارہ کشی اختیار کررہا ہوں کیونکہ میں نے اب پڑھنا ہے اور میں نے اسے لوگوں کے ساتھ شیئر کرنا ہے اور کیونکہ پڑھنا وقت طلب ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اگر میں میڈیا پر رہ کر شوٹنگ میں مصروف رہوں گا تو نہ پڑھ سکوں گا نہ آپ سے بات کرسکوں گا‘۔

گزشتہ برس نومبر میں اداکار نے ویڈیو پیغام میں اعلان کیا تھا کہ میں اب اپنی ساری زندگی اللہ اور اس کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق اور انسانیت کی خدمت میں گزاروں گا، اب میں ٹی وی اور سوشل میڈیا کا پلیٹ فارم خدا کا پیغام آگے بڑھانے کے لیے استعمال کروں گا۔

تاہم اس کے کچھ عرصے بعد ہی سوشل میڈیا پر حمزہ علی عباسی کی شوبز میں واپسی کی خبریں گردش کرنے لگیں جس کے بعد انہیں مداحوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

خیال رہے کہ اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری سے عارضی کنارہ کشی اختیار کرنے والے حمزہ علی عباسی نے باضابطہ طور پر واپسی کا اعلان کیا تھا۔

حمزہ علی عباسی نے ایک آن لائن پروگرام میں شرکت کی تھی جس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ ٹی وی ناظرین کو وہ جلد اسکرین پر نظر آئیں گے۔

یاد رہے کہ حمزہ علی عباسی نے اپنے کریئر کا آغاز 2006 میں تھیٹر سے کیا، بعد ازاں انہوں نے پاکستانی فلم و ٹی وی انڈسٹری میں نام بنایا۔

فلمی سفر کی بات کی جائے توڈاکیومینٹریز کے علاوہ ان کی معروف فلموں میں ، میں ہوں شاہد آفریدی، وار، جوانی پھر نہیں آنی، ہو من جہاں، پرواز ہے جنوں، جوانی پھرنہیں آنی 2 شامل ہیں۔

حمزہ علی عباسی کی آنے والی فلم ’مولا جٹ ‘ ہے جو سال 1979 میں ریلیز ہونے والی مولاجٹ کا سیکوئل ہے۔ حمزہ اس فلم میں نوری نتھ کے روپ میں نظر آئیں گے جب کہ ان کے ساتھی اداکاروں میں فواد خان اور ماہرہ خان شامل ہیں۔

ان کے مقبول ترین ڈراموں میں ’پیارے افضل‘، ’من مائل‘، ’میرے درد کو جو زباں ملے‘، شامل ہیں۔جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر کیے جانے والے ڈرامہ سیریل ’الف‘ میں بھی حمزہ نے ’قلب مومن‘ کا مرکزی کردار ادا کیا۔

تازہ ترین