محکمۂ موسمیات کی جانب سے (آج) 22 فروری کی رات سے ملکۂ کوہسار مری میں شدید برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
سی ٹی او راول پنڈی نوید ارشاد کی ہدایت پر مری آنے والے سیاحوں کی حفاظت و سہولت کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیاحوں کی سہولت کے لیے مری میں ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
سی ٹی او راولپنڈی نوید ارشاد نے بتایا ہے کہ اس موقع پر مری میں 8 ہزار سے زائد گاڑیوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا ہے کہ مری میں تقریباً ساڑھے 3 ہزار گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہے۔
سی ٹی او راولپنڈی نے بتایا ہے کہ مکینکلی فٹ گاڑی اور لائسنس ہولڈر ڈرائیورز کو ہی مری جانے کی اجازت ہو گی۔
انہوں نے ہدایت کی ہے کہ مری آنے والے سیاح موسم کی شدت اور رش کی صورتِ حال کو مدِ نظر رکھیں۔
سی ٹی او راولپنڈی نوید ارشاد نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ سیاح ایمرجنسی صورتِ حال کے پیشِ نظر اپنی گاڑی میں مکمل ٹول کٹ رکھیں۔