پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ ق کی قیادت چوہدری برادارن سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری اور شہباز شریف سےملاقات پر چوہدری برادران کو اعتماد میں لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا نے چوہدری برادران کو آصف زرداری اور شہباز شریف سے متعلق تحفظات دور کرنے کا یقین دلایا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا اگرحکومت کو رخصت نہ کیا تو ملک و قوم کا مزید نقصان ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا نے یقین دہانی کروائی کہ آپ کے تحفظات پر زرداری آپ کو آج حتمی صورتحال بتا دیں گے۔
مولانا فضل الرحمان اور چوہدری برادران کی ملاقات 1 گھنٹہ 10 منٹ جاری رہی۔
اس سے پہلے شہبازشریف، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات ہوئی، آج ہی ایک اور اہم ملاقات آصف زرداری اور چوہدری پرویز الہٰی کے درمیان رات میں ہوگی۔
چوہدری پرویز الہیٰ بلاول ہاؤس جائیں گے، 11 اراکین اسمبلی نے چوہدری برادران کو سیاسی فیصلے میں تعاون کی یقین دہانی کروادی۔
شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمٰن کی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، شہباز شریف نے آصف زرداری سےہوئی گفتگو پر مولانا فضل الرحمٰن کو اعتماد میں لیا۔
واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی باہمی مشاورت کے بعد مولانا فضل الرحمان چوہدری برادران سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچے تھے، جہاں عدم اعتماد اور اس کی کامیابی کی صورت میں ممکنہ آپشنز پر بھی بات چیت کی گئی۔