پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان مسلم لیگ ق کی قیادت چوہدری برادارن سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچے۔
تخت لاہور اپوزیشن کی سیاست کا مرکز بن چکا ہے، تیز رفتار آنیاں جانیاں، نشست و برخاست اور مشورے جاری ہیں۔
اپوزیشن جماعتوں کی باہمی مشاورت کے بعد مولانا فضل الرحمان چوہدری برادران سے ملاقات کے لیے پہنچے، جہاں ملاقات کے دوران عدم اعتماد اور اس کی کامیابی کی صورت میں ممکنہ آپشنز پر بھی بات چیت کی گئی۔
اس سے پہلے شہبازشریف، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات ہوئی، آج ہی ایک اور اہم ملاقات آصف زرداری اور چوہدری پرویز الہیٰ کے درمیان رات میں ہوگی۔
شہبازشریف اور مولانا فضل الرحمٰن کی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، شہباز شریف نے آصف زرداری سےہوئی گفتگو پر مولانا فضل الرحمٰن کو اعتماد میں لیا۔
چوہدری پرویز الہیٰ بلاول ہاؤس جائیں گے، 11 اراکین اسمبلی نے چوہدری برادران کو سیاسی فیصلے میں تعاون کی یقین دہانی کروادی۔
مولانا فضل الرحمان چند دن پہلے بھی چوہدری برادران سےملاقات کرچکے ہیں۔