مسلم لیگ ن کے صدر محمد شہباز شریف کا کہنا ہےکہ ملک کے سیاسی ماحول کو دن رات گالیاں دے کر اور چور ڈاکو کہہ کر زہر آلود کر دیا گیا ہے، یہ مکافات عمل ہے، اس پر کیا کہا جا سکتا ہے، حمزہ شہباز ، چوہدری پرویز الہٰی سے مذاکرات کے سوال کا جواب گول کر گئے۔
لاہور کی احتساب عدالت میں آج رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ریفرنسزپر سماعت ہوئی ۔
عدالت نے آشیانہ ریفرنس میں نیب کے گواہوں کی شہادتیں قلمبند کیں، شہباز شریف نے صاف پانی کیس پربات کرنے کی کوشش کی تو عدالت نے اُنہیں روک دیا ۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ صاف پانی کیس کا فیصلہ ہوچکا،اس پر بات کی اجازت نہیں دے سکتے، ہر کیس کا الگ معاملہ ہے۔
اس کے بعد احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ریفرنسز پر سماعت4مارچ تک ملتوی کر دی۔
پیشی کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دن رات گالیاں دینےوالوں نے سیاسی ماحول کو زہر آلود کر دیا ہے۔
حمزہ شہباز نے بھی میڈیا سےمختصرگفتگو کی، ان سے پرویز الہٰی سے متعلق سوال پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ بھی بتا دیا تو خود کیا کروں گا۔