روس کی فوج کے یوکرین پر حملے اور یوکرینی دارالحکومت کیف کے ایئر پورٹ پر بم دھماکے کے بعد لوگوں نے شہر خالی کرنا شروع کر دیا۔
دھماکے کے بعد کیف کے شہری شہر کے مضافاتی علاقوں میں جا رہے ہیں۔
روسی حملے سے کیف سمیت یوکرین کے مشرقی شہروں میں افرا تفری کی صورتِ حال ہے۔
ادھر یوکرین کی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق یوکرین بھر میں روسی فوجوں کی جانب سے شیلنگ جاری ہے۔
یوکرین کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ یوکرین کے شہر برووری میں روسی افواج کی شیلنگ سے 1شخص ہلاک اور 1 زخمی ہوا ہے۔
دوسری جانب یوکرینی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے مشرقی یوکرین میں 50 روسی فوجی ہلاک جبکہ 6 روسی طیارے تباہ کر دیے ہیں۔
اس سے قبل یوکرینی فوج کی جانب سے 5 روسی طیاروں اور 1 ہیلی کاپٹر مار گرانے کا دعویٰ سامنے آیا تھا۔
یوکرین کے اس دعوے کی روس کی جانب سے تردید کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ روس نے یوکرین پر حملہ کر دیا ہے، اس روسی حملے کی دنیا بھر کے ممالک کی جانب سے مذمت کی جا رہی ہے۔
اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کا روس کے یوکرین پر حملے کے معاملے پر ہنگامی اجلاس بھی جاری ہے۔