چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور حکومتی اتحادی جماعت ق لیگ کے سینئر رہنما پرویز الہٰی کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق صادق سنجرانی اور پرویز الہٰی کی لاہور میں ہونے والی ملاقات سوا گھنٹے تک جاری رہی۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن قیادت کی ق لیگی قیادت سے ملاقاتوں کے تناظر میں صادق سنجرانی نے کہا کہ چوہدری صاحب سب کی نظریں آپ کی طرف لگی ہوئی ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ ہماری اور دوسرے لوگوں کی نظریں بھی آپ کی طرف لگی ہوئی ہیں، چوہدری صاحب مہربانی کرکے خیال کریں۔
چیئرمین سینیٹ نے پرویز الہی سے حکومت کے ساتھ رہنے کی درخواست بھی کی۔
دوران ملاقات صادق سنجرانی اور اُن کے ساتھ آئے وفد نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری شجاعت حسین منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، جن کی حالات پر گہری نظر ہے، امید ہے موجودہ حالات میں کوئی راستہ نکال لیں گے۔
دوران گفتگو چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ عوام نے حکومت کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے، ہم پارلیمانی روایات کو پامال نہیں ہونے دیں گے۔
ق لیگی رہنما نے مزید کہا کہ مشاورت کا عمل اور ملاقاتیں جاری رہتی ہیں جو سیاسی عمل کا حصہ ہیں۔
انہوں نے صادق سنجرانی کو یقین دلایا کہ فیصلہ سوچ سمجھ کر اپنی پارلیمانی پارٹی سے مشاورت کے بعد ہوگا۔
چوہدری پرویز الہٰی نے یہ بھی کہا کہ ہر جمہوری حکومت کا حق ہے کہ اسے عوام کی خدمت کے لئے دیا گیا عرصہ مکمل کرنے دیا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ الیکشن مقررہ وقت پر ہی اچھے لگتے ہیں، موجودہ سیاسی صورتحال میں ملکی مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے۔
ق لیگی رہنما نے کہا کہ ملک میں روز بروز بدلتی ہوئی سیاسی آب و ہوا پر پوری نظر ہے، ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو فوری ریلیف دینے کےلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔