پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ 3 برس پہلے آج کے دن پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا تھا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو آج 3 برس مکمل ہو گئے۔
انہوں نے کہا ہے کہ 3 برس پہلے آج ہی کےدن پاکستان ایئر فورس نے 2 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 27 فروری 2019ء کو پاک بحریہ نے سمندر میں بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا تھا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ آج کے دن لائن آف کنٹرول پر بھرپور جواب دیا گیا تھا، یہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا ثبوت ہے۔
میجر جنرل بابر افتخار کا یہ بھی کہنا ہے کہ صرف ہتھیار یا تعداد ہی نہیں، قوم کا عزم اور مسلح افواج کی آپریشنل تیاری بھی مشکلات کا سامنا کرنے میں کامیابی کا تعین کرتی ہے۔
سرپرائز ڈے کے نام سے مشہور آپریشن سوفٹ ریٹورٹ کو آج 3 سال ہونے پر پاک فضائیہ کی جانب سے خصوصی نغمہ بھی جاری کیا گیا ہے۔