چمن میں پاک افغان سرحد باب دوستی آج 3 روز بعد تجارت اور پیدل آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا۔
جرگہ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی علماثالثی جرگہ کی کوششیں کامیاب ہونے سے پاک افغان بارڈر پر کشیدگی میں کمی آئی ہے۔
جرگہ ترجمان نے کہا کہ علما جرگہ نے گزشتہ رات گورنر قندھار یوسف وفا سے مذاکرات کیے۔
اس حوالے سے مفتی قاسم نے کہا کہ سرحدی مسائل پر پاک افغان حکام میں فلیگ میٹنگ جلد ہوگی۔
دوسری جانب کسٹم حکام کے مطابق پاک افغان ٹریڈ بحال ہونے سے بڑی تعداد میں مال بردار کنٹینرز اور ٹرک افغانستان میں داخل ہوگئے ہیں۔
اس کے علاوہ سامان سے لدے ٹرک بھی افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوگئے ہیں، دونوں جانب پھنسے پاکستانی و افغان شہری ایک دوسرے ممالک میں داخل ہوگئے ہیں۔