اسلام آباد (خبر نگار) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پوری دنیا میں مہنگائی کے باوجود اپنی عوام کا سوچا اور تاریخی ریلیف پیکج کا اعلان کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اسلام آباد میں ”شکریہ عمران خان“ تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین راجہ خرم نواز اور رکن قومی اسمبلی نفیسہ خٹک بھی موجود تھیں۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ 450 ارب روپے کا ریلیف پیکج دے کر وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا ہے کہ ان کے دل میں عوام کا درد ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے پر اپوزیشن کو تکلیف ہوئی ہے اور یہ اعلان اپوزیشن کے ارمانوں پر بم بن کر گرا ہے۔ علی نواز اعوان نے کہا تحریک عدم اعتماد عمران خان کے خلاف نہیں شہباز شریف اور مریم نواز ایک دوسرے کے خلاف لائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو اپنی حکومت کے خلاف لانگ مارچ کرنا چاہئے۔ رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ڈیڑھ لاکھ گریجویٹس کے بارے میں سوچا اور ان کیلئے پیکج کا اعلان کیا ، آئی ٹی انڈسٹری کو ٹیکس میں 100 فیصد چھوٹ دی۔