مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا نمبر گیم پورا ہے، اس کا بات کا علم حکومت کو بھی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ن لیگ، پی پی اور جے یو آئی سب کی الگ الگ ذمے داریاں تھیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب سے متعلق زیادہ تر معاملہ ن لیگ کے پاس تھا، جو مکمل کرکے دے دیا ہے۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ تحریک عدم اعتماد وزیراعظم عمران خان یا اسپیکر اسد قیصر کے خلاف کب پیش کرنی ہے؟ یہ فیصلہ نواز شریف، مولانا فضل الرحمان اور آصف علی زرداری کی سطح پر ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے اجلاس طے شدہ اور روٹین کے مطابق ہیں، پیپلز پارٹی کے ذمہ ڈلیور کرنا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آصف زرداری کی ق لیگ سے سب سے پہلے ملاقات ہوئی اور راستہ ہموار ہوا، مولانا فضل الرحمان نے درست کہا کہ امپائر نیوٹرل ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزرا بےتکی بات کرتے ہیں یا تو علم نہیں یا دوسروں کو دھوکا دیتے ہیں، اتحادی اس وقت ہاں کی پوزیشن میں ہیں اور نہ ہی ناں کی۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ طارق بشیر چیمہ نے واضح طور پر کہا کہ عدم اعتماد پر فیصلہ نہیں کیا ہے لیکن کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہماری جو تیاری ہے سوال ہی نہیں ہوتا کہ عدم اعتماد کامیاب نہ ہو، نمبر گیم کا حکومت کو بھی علم ہے کہ پورا ہے۔