وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ پشاور خود کش دھماکے میں ملوث تینوں ملزمان کی شناخت ہو چکی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ خیبر پختون خوا پولیس معاملے کی تہہ تک پہنچ چکی ہے، ایک دو روز میں پولیس ملزمان تک پہنچ جائے گی۔
سیاسی صورتِ حال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریکِ عدم اعتماد سے متعلق اجلاس بلانے کی ریکوزیشن ابھی تک موصول نہیں ہوئی ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ ریکوزیشن موصول ہونے کے 14 دن کے اندر اسپیکر قومی اسمبلی اجلاس طلب کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو پہلے بھی شکست ہوئی تھی، اب بھی ہو گی۔
’’نواز شریف کے پاسپورٹ کی درخواست نہیں ملی‘‘
شیخ رشید کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزارتِ داخلہ کو نواز شریف کے پاسپورٹ کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختون خوا کے دارالخلافہ پشاور کے علاقے قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد کوچہ رسالدار میں ہوئے خود کش حملے کے مزید 6 زخمی انتقال کر گئے۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال میں گزشتہ روز 57 افراد کی میتیں لائی گئی تھیں، واقعے میں مزید 6 افراد کے انتقال کے بعد شہید افراد کی تعداد 63 ہو گئی ہے۔
واقعے میں 200 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے جن میں سے 37 زخمی زیرِ علاج ہیں، جبکہ 5 زخمی آئی سی یو میں ہیں۔
دوسری جانب ایس ایس پی آپریشنز ہارون رشید نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں بتایا کہ خود کش حملہ آور کے خاکے تیار کر لیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ خود کش حملہ آور کے جسم کے اعضاء بھی اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔
پشاور کی مسجد میں ہوئے خود کش دھماکے کا مقدمہ محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے تھانے میں درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
ادھر پشاور کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش حملے کے بعد آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے پنجاب بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی جانب سے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو حساس مقامات اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اہم مذہبی اور عوامی مقامات کے سیکیورٹی پلانز کا از سرِ نو جائزہ لیا جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع میں سرچ اور سوئپ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے، رات کے اوقات میں پیٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے، صوبے بھر میں بین الصوبائی اور بین الاضلائی چیک پوسٹوں پر چیکنگ کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور کی جامع مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران سیاہ لباس میں ملبوس خودکش بمبار نے پہلے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی پھر منبر کے سامنے آ کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا۔