• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مطیع الرحمن کو پاکستان سے محبت کی سزا دی گئی،چوہدری شجاعت، پرویز الٰہی

لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی نے وفد کے ہمراہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے منصورہ میں ملاقات کی اور بنگلہ دیش جماعت اسلامی کے امیر مولانا مطیع الرحمن نظامی اور دیگر شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ مسلم لیگی وفد میں سینیٹر کامل علی آغا، طارق بشیر چیمہ ایم این اے اور سابق ایم این اے میاں محمد منیر شامل تھے جبکہ جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ، فرید پراچہ، امیرالعظیم، ذکر اللہ مجاہد، محمد اصغر، قیصر شریف بھی ملاقات میں موجود تھے۔ میڈیا سے بعد ازاں گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ بنگلہ دیش حکومت کی پاکستان سے محبت رکھنے والوں کے ساتھ ظلم و زیادتی قابل مذمت ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ مطیع الرحمن نظامی کو پاکستان سے محبت کی سزا دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے زیادہ افسوس پاکستان کے حکمرانوں کی بے حسی پر ہے جنہوں نے آج تک اس معاملے میں کھل کر اپنا موقف پیش نہیں کیا۔ چودھری شجاعت حسین نے پانامہ لیکس کے حوالے سے کہا کہ ن لیگ حکومت ٹی او آر پر بات چیت کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی۔ قبل ازیں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی منصورہ آمد اور مولانا مطیع الرحمن نظامی اور دیگر رہنمائوں کی شہادت پر تعزیت اور فاتحہ خوانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ملکی مسائل پر بھی بات چیت کی ہے، پاکستان مسلم لیگ اور جماعت اسلامی کا نقطہ نظر بہت سے معاملات میں یکساں ہے، چودھری شجاعت حسین کی آمد سے ہمیں حوصلہ ہوا ہے، بنگلہ دیش حکومت پاکستان کا ساتھ دینے والوں کو سزائیں بھارت کو خوش کرنے کیلئے دے رہی ہے۔
تازہ ترین