• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوسف رضا گیلانی کا سینیٹ الیکشن، ویڈیو اسکینڈل، سماعت ملتوی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزیرِ اعظم، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما یوسف رضا گیلانی کے سینیٹ الیکشن اور ویڈیو اسکینڈل کے حوالے سے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی۔

پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے۔

’’میڈیا کو کہا جاتا ہے کہ کمیشن فیصلہ نہیں کر رہا‘‘

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ باہر جا کر میڈیا کو کہا جاتا ہے کہ کمیشن فیصلہ نہیں کر رہا، کمیشن تو فیصلہ کرنا چاہ رہا ہے، اس طرح تو کیس ختم نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے استفسار کیا کہ آپ 4 درخواست گزار ہیں، آپ اس کیس کو ختم کرنا چاہتے ہیں؟ آپ کو کمیشن کی سنجیدگی نظر آ رہی ہے؟

خصوصی کمیٹی برائے انسدادِ عصمت دری کی چیئرپرسن اور پارلیمانی سیکریٹری برائے قانون و انصاف بیرسٹر ملیکہ علی بخاری نے جواب دیا کہ ہمیں کمیشن کی سنجیدگی نظر آتی ہے۔

انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سے یہ بھی کہا کہ ہم آپ کے شکر گزار ہیں، ہم کیس کی سماعت بالکل مکمل کرنا چاہتے ہیں۔

ملیکہ بخاری کو دلائل دینے کی ہدایت

الیکشن کمیشن نے ملیکہ بخاری کو دلائل کا آغاز کرنے کی ہدایت کی۔

ملیکہ بخاری نے جواب دیا کہ علی ظفر نے کہا ہے کہ پہلے وہ دلائل مکمل کرنا چاہتے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کیس کی سماعت پیر دن 1 بجے تک ملتوی کر دی۔

قومی خبریں سے مزید