پاکستان کے معروف یوٹیوبر اور اداکار ارسلان نصیر پاکستان کی خواتین کی کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر تبصرہ کرنا مہنگا پڑگیا۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین کی جانب سے ارسلان نصیر کی خواتین کرکٹ ٹیم کی بھارت کے خلاف میچ میں خراب کارکردگی پر بنائی گئی روسٹنگ (طنزیہ) ویڈیو پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔
ارسلان نصیر نے اپنی روسٹنگ ویڈیو میں میچ کو یکطرفہ قرار دیا اور ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا اپنی بچی فاطمہ کو ساتھ میدان میں لے کر آنے پر بھی مذاق اڑایا۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اداکار کا اس طرح کا نامناسب تبصرہ خواتین کرکٹ ٹیم کی کوششوں کو نظر انداز کرتا ہے۔
یہاں ایک نظر ٹوئٹر صارفین کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹس پر ڈال لیتے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’ارسلان نصیر نے خواتین کرکٹ ٹیم کے بارے میں جس طرح کی ویڈیو بنائی ہے اس رویے کا نوٹس لیا جانا چاہیے‘۔
صارف نے مزید لکھا کہ’ہم ایک دیسی معاشرے میں رہتے ہیں جہاں کرکٹ کلچر مردوں کی طرح خواتین کے لیے یکساں نہیں ہےاور نا ہی وہ مردوں کی طرح اسٹریٹ کرکٹ کھیلتی ہیں‘۔
صارف نے مزید لکھا کہ’شرم کرو، ہرچیز مذاق کے لیے نہیں ہوتی‘۔
ایک اور صارف نے بھی ارسلا ن نصیر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کاش وہ یہ ویڈیو نہ دیکھتیں۔
جبکہ ایک اسپورٹس انالسٹ حسن چیمہ نے ارسلان نصیر کو اس بات کا احساس دلانے کی کوشش کی وہ ایک فنکار ہیں، جنہیں بہت سارے لوگ فالو کرتے ہیں، اس لیے انہیں اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا چاہیے اور اس طرح کے تبصروں سے گریز کرنا چاہیے جوکہ صرف ناامیدی کی وجہ بنتے ہوں۔