• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضا علی کا سابق شوہر کی شادی پر نیک خواہشات کا اظہار، بیٹی بھی شرکت کیلئے تیار

— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

پاکستانی معروف اداکارہ و میزبان فضاء علی نے اپنی بیٹی فرال کی ویڈیو جذباتی پیغام کے ساتھ شیئر کردی جس میں وہ اپنے والد کی بارات کے لیے تیار ہو رہی تھی۔

اداکارہ نے سابق شوہر فواد فاروق کی دوسری شادی کے موقع پر ان کی آنے والی نئی زندگی کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ و میزبان نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

ویڈیو کے آغاز میں فرال کو کہتے ہوئے سن سکتے ہیں کہ ہیلو گائز، بابا کی شادی کے لیے پارلر جانے سے پہلے فِٹ چیک کر لیتے ہیں۔ پلیز بابا، یہاں آئیں، جس کے بعد ان کے والد نے اپنی شادی کی تصدیق کی۔

فراال کے والد نے ویڈیو میں کہا کہ ہیلو سب، کیسے ہیں آپ؟ آج میری شادی ہے اور میری شہزادی فرال اس موقع پر میرے ساتھ ہوں گی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ والد کی شادی پر فرال نے خوبصورت پیچ رنگ کا لہنگا چولی زیب تن کیا، انہوں نے موقع کی مناسبت سے مہندی بھی لگائی۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو کے کیپشن میں فضا علی نے جذباتی پیغام لکھا کہ ’زندگی ہمیشہ سیدھی نہیں ہوتی، کبھی کبھی وہ ہمیں ایسے موڑ پر لے آتی ہے جہاں شور نہیں، صبر بولتا ہے۔ آج میری بیٹی فرال اپنے بابا کے لیے خوشی اور معصوم مسکراہٹ کے ساتھ ان کی نئی زندگی کے سفر کی تیاری ریکارڈ کر رہی ہے۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’اس لمحے نے مجھے ایک بار پھر یاد دلایا کہ رشتے بدل سکتے ہیں لیکن عزت، محبت اور پیرنٹنگ کی ذمہ داری کبھی ختم نہیں ہوتی۔ ہر کہانی کا انجام لڑائی نہیں ہوتا، کبھی کبھی سب سے خوبصورت انجام یہ ہوتا ہے کہ ہم اپنے بچوں کو مثبت سوچ، وقار اور مضبوطی سکھائیں۔‘

انہوں نے سابق شوہر کے لیے دعاگو ہوتے ہوئے مزید لکھا کہ ’دل سے دعا ہے کہ فواد فاروق کی زندگی کا یہ نیا باب سکون، سمجھ اور خوشیوں سے بھرا ہو۔ اللّٰہ ہم سب کے لیے آسانیاں اور بہتر راستے لکھے۔ طاقت کا مطلب ہمیشہ وقار کو چننا ہے۔‘

سوشل میڈیا صارفین نے فضا علی کی جانب سے بیٹی کی تربیت کو خوب سراہا۔ متعدد افراد نے فرال کے اعتماد اور مثبت رویے کی تعریف کی اور کہا کہ اس کے انداز سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کی پرورش ایک باوقار اور مضبوط ماں نے کی ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ اللّٰہ مجھے بھی فرال جیسی پُراعتماد بیٹی عطا کرے۔

واضح رہے کہ فضا علی کی شادی فواد فاروق سے ہوئی تھی اور دونوں کی ایک بیٹی فرال ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید