• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بِندی لگانے پر تنازع، شمعون عباسی بشریٰ انصاری کے دفاع میں سامنے آگئے

— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

پاکستانی معروف اداکار اور ہدایتکار شمعون عباسی لیجنڈری اداکارہ بشریٰ انصاری کے دفاع میں سامنے آگئے۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار نے مختصر ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے بشریٰ انصاری کو تنقید کا نشانہ بنانے والے سوشل میڈیا صارفین کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور پاکستانی معاشرے کی منافقانہ سوچ پر طنزیہ سوال اُٹھا دیے۔

انہوں نے ویڈیو میں کہا کہ اس ملک میں ایک بہت بڑا مسئلہ ہو گیا ہے، ایسا مسئلہ جسے معاف نہیں کیا جا سکتا، اور وہ یہ ہے کہ بشریٰ انصاری نے اپنے ماتھے پر بِندی لگا لی ہے۔

ویڈیو میں شمعون عباسی نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’بشریٰ انصاری، آپ نے ایسا کیوں کیا؟ یہ آپ کا کام نہیں تھا؟ آپ اداکار نہیں، آپ تو استاد ہیں۔ ایک استاد کا بِندی سے کیا تعلق؟ آپ نے اُس قوم کو ناراض کر دیا ہے جو دہائیوں سے بالی ووڈ کے گانوں پر ناچتی آ رہی ہے۔ جو پچھلے تین مہینوں سے دھریندر کے گانوں پر رقص کر رہی ہے۔ آپ نے صرف ماتھے پر بندی لگا کر اس بالی ووڈ سے محبت کرنے والی قوم کو غصہ دلا دیا۔‘

انہوں نے بشریٰ انصاری کو مخاطب کرتے ہوئے مزید طنزیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ ’ہمیشہ یاد رکھیں، آپ ایک استاد ہیں، آپ کو یہ حلیہ اختیار نہیں کرنا چاہیے تھا۔ جا کر لوگوں کو پڑھائیں، ہم آپ کو معاف نہیں کریں گے۔‘

واضح رہے کہ حال ہی میں بشریٰ انصاری نے اپنے نئے ڈرامے کے ایک سین کا گیٹ اپ سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا، جس میں وہ ایک ہندو کردار نبھا رہی ہیں۔ یہ ڈراما ان کے شوہر اقبال حسین نے تحریر کیا ہے اور ہدایتکاری کے فرائض بھی وہی انجام دے رہے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید