ہالی ووڈ اداکارہ زوئے سالڈانا کی فلموں نے مجموعی طور پر 15 ارب ڈالر سے زائد کا بزنس کیا ہے، اس طرح انھوں نے رابرٹ ڈاؤنی جونیئر، ٹام کروز اور وین جانسن کو پیچھے چھوڑ دیا۔
انکی پانچ فلمیں باکس آفس پر ایک ارب ڈالر سے زیادہ کی کمائی کر چکی ہیں، جس کے ذریعے انھوں نے کئی بڑے سپر اسٹارز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
جیمز کیمرون کی فلم اوتار: فائر اینڈ ایش کی کامیابی نے نہ صرف فلم ساز کو ایک بار پھر ہالی ووڈ کی تاریخ کے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے ناموں میں شامل کر دیا ہے بلکہ دنیا بھر میں باکس آفس کا بادشاہ بنا دیا ہے۔
فلم کی کامیابی کی بدولت 37 سالہ امریکی اداکارہ زوئے سالڈانا سینما کی تاریخ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکارہ بن گئی ہیں۔
انہوں نے اداکارہ اسکارلٹ جوہانسن کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جنہوں نے گزشتہ سال نئی جراسک ورلڈ فلم کی کامیابی کے بعد یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ اداکارہ زوئے سالڈانا نے ایونجرز اور اوتار دونوں فلموں میں کام کیا ہے۔
واضح رہے کہ زوئے سالڈانا کی مجموعی باکس آفس گروس بڑھ کر 15.5 ارب ڈالر ہو گئی ہے، جبکہ اسکارلیٹ جوہانسن 15.4 ارب ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
دلچسپ امر یہ بھی ہے کہ زوئے سالڈانا اب تک دنیا کی سات سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں سے چار میں کام کر چکی ہیں، جن میں ٹاپ 3 فلمیں بھی شامل ہیں، ان کی تین اوتار فلموں نے مجموعی طور پر 6.6 ارب ڈالر کی آمدنی حاصل کی۔
اس کے علاوہ انہوں نے مارویل سینماٹک یونیورس کی فلموں میں گامورا کا کردار بھی ادا کیا ہے۔ ان کی ایم سی یو فلموں نے 7.5 ارب ڈالر سے زیادہ کی آمدنی حاصل کی۔ وہ اسٹار ٹریک فلموں میں بھی جلوہ گر ہو چکی ہیں۔
زوئے سالڈانا کے پاس اس سال کے آخر میں فلم ایونجرز: ڈومز ڈے میں کام کرکے اس رقم میں مزید اضافہ کرنے کا چانس موجود ہے۔ جبکہ توقع ہے کہ وہ اوتار کی باقی دو فلموں میں بھی کام کریں گی۔ یاد رہے کہ انھوں نے اوتار: فائر اینڈایش کے پریمیئر میں گزشتہ ماہ لاس اینجلس میں شرکت کی تھی۔
اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والے اداکاروں کی فہرست کی قیادت 1960 کی دہائی تک کلارک گیبل اور جان وین جیسے مشہور مرد اداکاروں کے پاس تھی۔ جبکہ 1990 کی دہائی میں یہ مقام آرنلڈ شوارزنیگر اور سلویسٹر اسٹالون نے حاصل کرلیا تھا۔