پاکستانی ٹی وی اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ نمرہ شاہد نے حال ہی میں سپر اسٹار اداکارہ صبا قمر کے ساتھ کام کرنے کے تجربے پر کھل کر بات کی ہے۔
نمرہ شاہد نے اپنے کیریئر کا آغاز 2016 میں کیا تھا اور وہ کئی کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، ان دنوں وہ ڈرامہ ’معمہ‘ میں اپنی شاندار اداکاری کے باعث توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں، ناظرین صبا قمر کے ساتھ ان کی آن اسکرین کیمسٹری اور کردار کو بھی خوب پسند کر رہے ہیں۔
نمرہ شاہد حال ہی میں یوٹیوب شو میں بطور مہمان شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے ڈرامے میں کاسٹ ہونے اور صبا قمر کے ساتھ کام کرنے کے تجربے پر تفصیل سے گفتگو کی۔
نمرہ شاہد نے بتایا کہ مجھے ارم بنتِ شاہد کی جانب سے فون آیا، جنہوں نے بتایا کہ ایک بڑے پراجیکٹ میں مضبوط کردار آفر کیا جا رہا ہے جو جہان آرا کی خادمہ کا ہے۔
نمرہ شاہد کے مطابق ابتدا میں یہ سن کر میں حیران رہ گئی اور میں نے سوال کیا کہ کیا 10 سالہ کیریئر کے بعد مجھے نوکرانی کا کردار کرنا چاہیے، تاہم جب مجھے بتایا گیا کہ کہانی کا محور جہان آرا اور آسیہ ہیں، یہ کوئی روایتی ساس بہو ڈرامہ نہیں اور اس کردار کی اہمیت بہت زیادہ ہے، جبکہ جہان آرا کا کردار صبا قمر ادا کر رہی ہیں، تو میں نے فوراً حامی بھر لی۔
ان کے مطابق صبا قمر کا نام سن کر میں بغیر اسکرپٹ پڑھے ہی راضی ہو گئی، تاہم بعد میں جب اسکرپٹ پڑھا تو پانچ اقساط کے بعد ہی میں کہانی سے بےحد متاثر ہوئی۔
آسیہ اور جہان آرا کے تعلق پر بات کرتے ہوئے نمرہ شاہد نے کہا کہ آسیہ ایک وفادار کردار ہے اور اسکرپٹ کے مطابق وہ جہان آرا کا سب سے مضبوط سہارا ہے، اب کہانی میں آسیہ کو جہان آرا کی زندگی کے حقائق کا علم ہو چکا ہے اور جہان آرا کے پاس واحد رشتہ اب آسیہ ہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں اس بات پر حیران ہوں کہ ناظرین کیوں یہ سمجھتے ہیں کہ آسیہ اور عاشق میاں بیوی نہیں ہیں، جبکہ کمرے میں موجود دو الگ بستروں کے پیچھے بھی ایک راز ہے۔
صبا قمر کے ساتھ کام کے تجربے پر نمرہ شاہد نے کہا کہ میں ہمیشہ سے صبا قمر کے ساتھ کام کرنے کی خواہش مند تھی، صبا قمر ناصرف ایک خوبصورت بلکہ نہایت مہربان اور محنتی انسان ہیں، وہ اپنے فن کو گہرائی سے سمجھتی ہیں اور جانتی ہیں کہ کس جگہ کیا improvisation کہانی کو بہتر بنا سکتا ہے۔
نمرہ شاہد نے بتایا کہ ایک منظر میں صبا قمر کا پاؤں سے مارنے کا عمل دانستہ تھا تاکہ ناظرین میں بحث چھڑ سکے اور اس طرح کے فیصلے ایک بڑے فنکار کی پہچان ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صبا قمر طویل مناظر بآسانی یاد کر لیتی ہیں اور سیٹ پر کسی بھی مسئلے کو حل کرنے پر یقین رکھتی ہیں۔