پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ کل سے کراچی میں شروع ہورہا ہے۔
میزبان ٹیم نے میچ کی تیاری کیلئے نیشنل اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی، فاسٹ بولر حسن علی اور فہیم اشرف بھی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے، فائنل الیون کا فیصلہ ٹاس سے قبل ہوگا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیا میدان اور نیا ہی امتحان ہے، راولپنڈی ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد دونوں ٹیموں نے کراچی ٹیسٹ کے لیے پلاننگ کرلی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی وکٹ اسپنرز کے لئے ساز گار بتائی جارہی ہے، اسٹیڈیم میں خشک موسم کے باعث ریورس سوئنگ بھی اہم کرادار ادا کرسکتی ہے۔
اس لیے پاکستان ٹیم میں حسن علی اور فہیم اشرف کی شمولیت کا امکان ہے جبکہ افتخار احمد اور نسیم شاہ کو ڈراپ کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب آسٹریلیا میں تجربے کار اسپنر نیتھن لائن کے ساتھ مچل سویپسن کو ڈیبیو کرائے جانے کا امکان ہے، حتمی ٹیموں کا اعلان میچ سے قبل کیا جائےگا۔