پشاور (نمائندہ جنگ) خیبر پختونخوا سکواش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام خواتین اسکواش چیمپئن شپ 26 مئی سے پشاور میں کھیلی جائے گی جبکہ سالانہ آئی سی ایم ایس خواتین چیمپئن شپ عیدالفطر کے ایبٹ آباد میں کرائی جائے گی دونوں چمیپئن شپس میں صوبے بھر سے خواتین کھلاڑی شرکت کریں گی۔ خیبر پختونخوا اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر سابق عالمی چیمپئن قمر زمان کے مطابق تین روزہ چیمپئن شپ کی پوزیشن لینے والی کھلاڑیوں کو انعامات دیئے جائیں گے، ایسوسی ایشن کی توجہ زیادہ تر جونیئر کھلاڑیوں پر ہے تاکہ مزید کھلاڑیوں کو تیار کیا جاسکے خواتین میں اچھی کھلاڑی موجود ہیں جو اس وقت قومی سطح کے مقابلوں میں حصہ لے رہی ہیں توقع ہے کہ وہ آگے بڑھ کر بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ فرحان زمان اور فرحان محبوب کا ایشیائی مقابلے جیتنا قابل فخر ہے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ موجود ہے انہیں فزیکل فٹنس بہتر بنانے کی ضرورت ہے جب تک فزیکل فٹنس بہتر نہیں بنائی جاتی اس وقت تک پاکستان عالمی سطح پر اسکواش کے میدان میں آگے نہیں جا سکتا کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر رینکنگ میں بہتر جگہ بنانے کے لئے اسکواش سے جنون کی حد تک محبت کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر بہتری کے لئے کھلاڑیوں کو بیرون ملک تربیت دینا ضروری ہے تاکہ کھیل کا معیار بہتر ہو، صوبائی حکومتیں اس طرف توجہ دیں، خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے جدید اسکواش کمپلیکس کی تعمیر کا وعدہ کیا ہے امید ہے کہ منصوبے پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔