• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن ملک میں انارکی نہ پھیلائے، شیخ رشید


وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہاللّٰہ کے فضل و کرم سے امپائر پاکستان کے ساتھ ہیں، میں جن کوجانتا ہوں ان کو پاکستان کی فکر ہے، میں جن کوجانتا ہوں وہ ان کو سمجھا رہے ہیں کہ اپنے معاملات باہمی افہام و تفہیم سے طے کریں، میں جن کوجانتا ہوں وہ جمہوریت کے سپورٹرز ہیں، اگر معاملات حل نہ ہوئے تو دمادم مست قلندر ہو گا، اپوزیشن ملک میں انارکی نہ پھیلائے۔

لاہور میں وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن آئے اور تحریک عدم اعتماد پر ووٹ دیں، اگر کسی کو روکا گیا تو ذمے دار وہ ہوں گے۔

’’اپوزیشن نے 4 سال میں کنفیوژن پھیلائی ہے‘‘

ان کاکہنا تھا کہ اپوزیشن نے 4 سال میں کنفیوژن پھیلائی ہے، ایک سال الیکشن میں رہ گیا ہے، یہ ساری سامراجی سنڈیاں ڈی چوک میں فارغ ہو جائیں گی، ان کا اوپر والا خانہ خالی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ڈی چوک میں حالات کنٹرول کریں گے، نہ ہوسکے تو یہ جانیں اور ان کا کام جانے، وہ چار مہینے سے آ رہے ہیں، آنے دیں انہیں، کوئی حادثہ ہو گیا تو نقصان اپوزیشن کا ہو گا۔

’’عمران خان کے 4 سال پورے ہوگئے ہیں ایک سال اور ٹکا کے لگائے گا‘‘

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے 4 سال پورے ہوگئے ہیں ایک سال اور وہ ٹکا کے لگائے گا۔

پیپلز پارٹی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب پر وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت نے بلاول کا جو لانگ مارچ تھا اس کو زیادہ سیکیورٹی دی۔

’’چوہدریوں کو مشورہ ہے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں‘‘

وفاقی وزیر نے کہا کہ ق لیگ کے بارے میں کچھ کہوں گا تو وہ خفا ہو جائے گی،چوہدریوں کو مشورہ ہے چار سال گزر چکے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں،سارے اتحادی عمران خان کی طرف آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ غیرت مند، باضمیر امتحان کے وقت اپنےساتھیوں کیساتھ کھڑا ہوتا ہے، امتحان کےدنوں میں پیٹھ دکھانے والے کو قوم لیڈر نہیں مانتی۔

’’عمران خان کے مقبول جلسے ہو رہے ہیں‘‘

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کے مقبول جلسے ہو رہے ہیں، 27 تاریخ کو ان کا10 لاکھ لوگوں کو اکٹھا کرنے کا پروگرام ہے،جلسہ کرنا ان کا حق ہے، میں نے عمران خان کو کہا آپ نے جلسے کرنے میں ایک مہینے کی دیر کی۔

ان کا کہنا تھا کہ جو گھر سے باہر نہیں نکلے تھے جن کےپاؤں میں مہندی تھی وہ بھی ملنے جا رہے ہیں۔

’’میری پارٹی سمجھدار، عقل مند، محب وطن پارٹی ہے‘‘

شیخ رشید نے کہا کہ میری پارٹی سمجھدار، عقل مند، محب وطن پارٹی ہے،بلاول سے میرا کبھی جھگڑا نہیں ہوا، میری ان سے پیدائشی صلح ہے،دل والا دل کی بات سمجھتا ہے،تصادم نہیں ہونا چاہیے، لڑائی جھگڑا نہیں ہونا چاہیے۔

میری پارٹی جس کا آپ طعنہ دے رہیں وہ پاکستان کےلیےسوچ رہے ہیں،جن کا آپ طعنہ دے رہے ہیں وہ واقعی کسی کے ساتھ نہیں وہ پاکستان کے ساتھ ہیں۔

’’ 23 سے 30 مارچ تک بڑا ہی زور دار اور جوڈو کراٹے کا ہفتہ ہے‘‘

انہوں نے کہا کہ 23 سے 30 مارچ تک بڑا ہی زور دار اور جوڈو کراٹے کا ہفتہ ہے،27 مارچ کو پی ٹی آئی کا جلسہ اتوار کے دن ہے، اس لیے کوئی ووٹ ڈالنے نہیں آ رہا۔

’’مولانا کو سمجھنا چاہیے مولا جٹ کی سیاست نہیں چلے گی‘‘

وفاقی وزیر نے کہاکہ فضل الرحمٰن 4 ماہ سےلانگ مارچ کی بات کر رہے ہیں، وہ ماؤزے تنگ نہیں، مولانا ایک عالم دین ہیں انہیں سمجھنا چاہیے کہ مولا جٹ کی سیاست نہیں چلے گی،مولا جٹ کی سیاست کے نتائج خوفناک اور خطرناک ہوسکتے ہیں، آپ 23 مارچ کوآئیں آپ کوپورا تحفظ دیا جائے گا۔۔

قومی خبریں سے مزید