قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے مداحوں کو کراچی ٹیسٹ میں شاندار سنچری اسکور کرنے پر تحفہ ملے گا۔
دنیا کی سب سے بڑی انگلش اسپورٹنگ کمپنی گرے نکولس نے شاندار سنچری اسکور کرنے پر برطانیہ کے کرکٹ شائقین کو تحفہ دینے کا وعدہ کرلیا۔
بابر اعظم کراچی ٹیسٹ میں جب مردِ بحران بنے تو گرے نکولس نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا کہ اگر بابر اعظم سنچری اسکور کرلیتے ہیں تو ہم ان کی ذاتی خصوصیات میں سے ایک Vapor 1.3 بلا دیں گے۔
جب قومی کپتان نے اپنی سنچری مکمل کی تو آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ٹوئٹ میں کہا گیا کہ بابر نے یہ کر دکھایا، بابر کی سنچری شاندار رہی ۔
خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری کراچی ٹیسٹ میچ میں آخری اور فیصلہ کن دن کا کھیل جاری ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے پانچویں دن میزبان ٹیم پاکستان نے 192رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نا مکمل اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔
میچ میں کھانے کے وقفے سے کچھ دیر قبل عبداللّٰہ شفیق نروس نائنٹیز کا شکار ہوکر 96 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔
پاکستان کی جانب سے کھانے کے وقفے تک کپتان بابر اعظم 133 اور فواد عالم 3 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، جبکہ ٹیم کا مجموعی اسکور 3 وکٹ کے نقصان پر 254 رنز ہے۔