آج پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کے لیے تاریخی دن ہے کیونکہ 90 کی دہائی میں آج ہی کے دن قومی ٹیم نے پڑوسی ملک بھارت کی سرزمین پر اُسے پہلی بار ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی۔
بنگلور ٹیسٹ کی تاریخی فتح:
1987ء میں پاکستانی ٹیم پڑوسی ملک بھارت کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز کھیلنے گئی جہاں اس سیریز کے 5ویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا لیکن بدقسمی سے پہلی اننگز میں پوری ٹیم صرف 116 رنز بنا سکی۔
کم ٹارگٹ کی بناء پر بھارت نے پاکستان کے خلاف ایک پُراعتماد کھیل کا آغاز کیا لیکن قومی ٹیم کے بالرز نے بھارت کا اعتماد خاک میں ملا دیا اور ایڑی چوٹی کا زور لگاتے ہوئے بھارتی ٹیم کو 145رنز تک محدود کرنے میں کامیاب رہے۔
بعدازاں پاکستان نے دوسری اننگز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 249 زنز بنائے جس کے بعد بھارت کو جیت کے لیے 221 رنز درکار تھے۔
تاہم قومی بالرز اور فیلڈرز نے بھارتی بلے بازوں کا مقابلہ کیا اور پوری بھارتی ٹیم کو 204 رنز پر آؤٹ کردیا، اس طرح پاکستان نے پہلی بار بھارتی سرزمین پر اُنہیں 16 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ سیریز اپنے نام کی۔