• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں گورنر راج لگانے پر کوئی بات نہيں ہوئی ہے، اسد عمر


وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ سندھ میں گورنر راج لگانے پر کوئی بات نہيں ہوئی ہے، سندھ حکومت نے جو اقدامات کیے ہیں یہ تو خانہ جنگی کی طرف لے جاسکتے ہيں، اپوزيشن کے اراکین سے رابطے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ عمران خان 26 سال سے سیاست کر رہے ہیں، عمران خان اپنی ذات کے لیے نہیں قوم کے لیے سیاست کرتے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ عمران خان کبھی کسی کو بلیک میل نہیں کرتے، عمران خان پیسوں کی بھی سیاست نہیں کرتے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان عوامی لیڈر ہیں، جو بھی کریں گے آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کریں گے۔

منحرف ارکان کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے منحرف اراکین کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ترجمانوں کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، وزیر اعظم نے منحرف اراکین اسمبلی کےخلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اسپیکر قومی اسمبلی اور قانونی ٹیم کو قانونی کارروائی کے لیے کہہ دیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آئین میں واضح لکھا ہے پارٹی پالیسی کے خلاف جانے پر قانونی کارروائی کے تحت ڈی نوٹیفائی کیاجاسکتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید