بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا وزیراعظم عمران خان کی ٹوئٹ کا کچھ اور مطلب سمجھ بیٹھے۔
جمعرات کو سوشل میڈیا پر کراچی ٹیسٹ کے نتیجے سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے کرکٹ کے الفاظ استعمال کر کے موجودہ سیاسی منظر نامہ بیان کیا تھا، جس پر راجیو شکلا عمران خان کے بیان کو کرکٹ میں میچ فکسنگ کا اعتراف سمجھ بیٹھے۔
وزیراعظم عمران خان کی ٹوئٹ کا غلط مطلب سمجھنے کے بعد بھارتی سیاستدان اور بی سی سی آئی عہدیدار نے آئی سی سی سے تحقیقات کا مطالبہ بھی کردیا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ بابر اعظم کو بطور کپتان شاندار اننگز اور ورلڈ کلاس بیٹنگ پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، زبردست فائٹ بیک کرنے پر باقی ٹیم کو بھی مبارکباد۔ پوری ٹیم بالخصوص رضوان اور شفیق نے بھی زبردست مقابلہ کیا۔
وزیراعظم نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا تھا کہ بدقسمتی سے کراچی کا میچ دیکھ نہیں سکا کیونکہ میں میچ فکسنگ کیخلاف ایک اور محاذ پر لڑ رہا ہوں جہاں میرے کھلاڑیوں کو بھاری رقم کے ذریعے لالچ دی جارہی ہے۔