• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم کا ساتھ دینے کیلئے انکا’ایماندار‘ ہونا کافی ہے، بلال قریشی

فوٹو، فائل
فوٹو، فائل

معروف پاکستانی اداکار بلال قریشی وزیرِ اعظم عمران خان کی حمایت میں بول پڑے۔

بلال قریشی نے اپنی انسٹا اسٹوری پر اپوزیشن کی جانب سے وزیرِاعظم عمران کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔

اُنہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری میں لکھا ہے کہ’میرے وزیرِاعظم ایک ایماندار آدمی ہیں اور انکا ساتھ دینے کے لیے یہی کافی ہے‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’ وہ جانتے ہیں کہ جو وعدے اُنہوں نے قوم سے کیے وہ ان پر پورا نہیں کرسکے لیکن وہ اپنے وعدے پورے کرنے کے لیے بہت جدوجہد کررہے ہیں‘۔

بلال قریشی نے اپنی اگلی انسٹا اسٹوری پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے، جس میں اُنہوں نے عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے پر تنقید کی ہے۔

اس انسٹااسٹوری میں لکھا ہوا پڑھا جا سکتا ہے کہ’دنیا کی تاریخ میں پہلی ایسی تحریک چلائی جارہی ہے جس میں وزیرِاعظم پر کوئی کرپشن کا الزام نہیں لیکن تحریک چلانے والے سارے کرپٹ ہیں‘۔

اس سے پہلے اداکار منیب بٹ بھی وزیراعظم عمران خان کے عہدے سے نہ ہٹنے کا دعویٰ کرچکے ہیں۔

خیال رہے کہ ان دنوں ملکی سیاسی صورتحال کافی گرم چل رہی ہے کیونکہ اپوزیشن ارکان نے وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں تحریکِ عدم اعتماد جمع کرا دی ہے۔

تحریکِ عدم اعتماد پر ن لیگ، پیپلز پارٹی، اے این پی سمیت 86 اراکین کے دستخط ہیں۔ تحریکِ عدم اعتماد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اسٹاف نے وصول کی۔

اس حوالے سے جہاں وزیراعظم عمران خان کے مخالفین سامنے آرہے ہیں تو وہیں اُن کے حمایتی خوب اُن کا ساتھ دیتے نظر آرہے ہیں۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا وزیرِاعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروائی گئی تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہوسکے گی یا نہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید